ایشیا میں شدت پسندی بڑھ رہی ہے: محمود مدنی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-12-2025
ایشیا میں شدت پسندی بڑھ رہی ہے: محمود مدنی
ایشیا میں شدت پسندی بڑھ رہی ہے: محمود مدنی

 



نئی دہلی: بنگلہ دیش میں ہندو نوجوان دیپو داس کے قتل کے بعد بھارت میں ہندو تنظیموں میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔ منگل (23 دسمبر 2025) کو اس واقعے کے خلاف بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کیا گیا، جبکہ کولکاتا میں بھی ہندو تنظیمیں بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرہ کرنے سڑکوں پر نکل آئیں۔ تاہم، جب پولیس نے انہیں احتجاج سے روکا تو مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔

اسی دوران جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے بھی اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔ محمود مدنی نے کہا کہ اگر جرم کرنے والا مسلمان ہو اور جس کے خلاف جرم کیا جائے وہ غیر مسلم ہو تو جرم کی سنگینی اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ دیپو داس کے قتل پر انہوں نے کہا کہ یہ نہایت شرمناک واقعہ ہے۔ اگر اسلام اور مسلمان اس طرح کے کام کریں تو ہماری نظریں شرم سے جھک جاتی ہیں اور اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

مولانا محمود مدنی نے کہا: "سب سے پہلے تو کسی کو قتل کرنے کا حق کسی مہذب معاشرے میں نہیں ہونا چاہیے۔ چاہے کسی نے کتنا ہی غلط کام کیوں نہ کیا ہو، اسے سزا دینے کا ایک باقاعدہ طریقہ ہوتا ہے، اسی طریقے کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔ پھر اگر جرم کرنے والا مسلمان ہو اور جس پر ظلم کیا جا رہا ہو وہ غیر مسلم ہو تو اس جرم کی شدت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ ہم اس کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور بنگلہ دیش کے لوگوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ ان کے ملک میں کسی کا قتل ہونا ایک بہت بڑا معاملہ ہے۔

کسی پر ظلم ہو تو بھی اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایشیا میں شدت پسندی بڑھ رہی ہے اور اسے روکنے کی ضرورت ہے۔ اسے کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جانے چاہئیں، یہ ایک نہایت ضروری امر ہے۔

واضح رہے کہ 18 دسمبر کو بنگلہ دیش کے بالوکا علاقے میں توہینِ مذہب کے الزام میں ہندو نوجوان دیپو چندر داس کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔ قتل کے بعد اس کی لاش کو آگ لگا دی گئی۔ دیپو ایک کپڑا فیکٹری میں کام کرتا تھا۔ اس معاملے میں اب تک 12 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔