نئی دہلی / آواز دی وائس
اپوزیشن کی جانب سے نائب صدر کے امیدوار بی سدرشن ریڈی نے جمعرات کو عام آدمی پارٹی (آپ) کے سربراہ اروند کیجریوال سے ملاقات کی اور 9 ستمبر کو ہونے والے ملک کے دوسرے سب سے بڑے آئینی عہدے کے انتخاب کے لیے ان کی پارٹی کی حمایت مانگی۔
یہ ملاقات ریڈی کی جانب سے نائب صدر کے انتخاب کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے چند گھنٹوں بعد کیجریوال کی رہائش گاہ پر ہوئی۔
سپریم کورٹ کے سابق جج ریڈی نے کانگریس کے سرکردہ رہنما ملیکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی اور راہل گاندھی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار، سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما رام گوپال یادو، دراوڑ منیتر کڑگم کے رہنما تروچی شیوا، ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان شتابدی رائے، شیو سینا (اُبھاتھا) کے رہنما سنجے راوت اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے رکن پارلیمان جان بریٹاس سمیت کئی اپوزیشن لیڈروں کی موجودگی میں اپنا کاغذاتِ نامزدگی داخل کیا۔
نامزدگی داخل کرنے کے بعد ریڈی نے کہا كہ یہ انتخاب صرف ایک شخص کے بارے میں نہیں ہے بلکہ اس ہندوستان کی اُس سوچ کی توثیق کے بارے میں ہے جس کا خواب ہمارے بانیانِ قوم نے دیکھا تھا، جہاں پارلیمنٹ دیانتداری سے کام کرے، اختلافِ رائے کا احترام کیا جائے اور ادارے آزاد و غیرجانبدار ہوکر عوام کی خدمت کریں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو نائب صدر کے انتخاب میں اپنا امیدوار بنایا ہے۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ پس منظر رکھنے والے رادھا کرشنن نے بدھ کے روز اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا تھا۔
یاد رہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن 21 جولائی کو جگدیپ دھنکھڑ نے نائب صدر کے عہدے سے اچانک استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد یہ عہدہ خالی ہوگیا تھا۔