نائب صدر کا انتخاب اصولوں کی جنگ ہے: اکھلیش یادو

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-08-2025
نائب صدر کا انتخاب اصولوں کی جنگ ہے: اکھلیش یادو
نائب صدر کا انتخاب اصولوں کی جنگ ہے: اکھلیش یادو

 



لکھنؤ / آواز دی وائس
انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا)‘ کے اہم جزو سماج وادی پارٹی (سپا) کے صدر اکھلیش یادو نے منگل کے روز کہا کہ نائب صدر کے عہدے کا آئندہ انتخاب جیت یا ہار کا نہیں بلکہ ’’اصولوں‘‘ کی لڑائی ہے اور امید ظاہر کی کہ انصاف کے حامی تمام جماعتوں کے ارکان اپنی ’’انترآتما‘‘ (ضمیر) کی آواز پر ’انڈیا‘ اتحاد کے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔
لکھنؤ دورے پر آئے انڈیا کی جانب سے نائب صدر کے امیدوار اور سپریم کورٹ کے سبکدوش جج بی ریڈی کا سماج وادی پارٹی دفتر میں استقبال کرنے کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں اکھلیش یادو نے کہا كہ آج جن سیاسی حالات میں نائب صدر کا انتخاب ہو رہا ہے اور ہم جس انصاف کی لڑائی لڑ رہے ہیں، اس کے لیے ایک جج سے بہتر متبادل کیا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا كہ ہمیں امید ہے کہ جو لوگ انصاف کے حامی ہیں، وہ اپنے ضمیر کی آواز سن کر ہمارے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔
یادو نے کہا كہ یہ لڑائی ہار یا جیت کی نہیں ہے، بلکہ اصولوں کی ہے… اور ہمیں پورا بھروسہ ہے کہ جب ضمیر کی آواز پر ووٹ ڈالے جائیں گے، تو ہمارے امیدوار جج بی ریڈی تاریخی ووٹوں سے کامیاب ہو کر اس عہدے کو زینت بخشیں گے۔
اکھلیش یادو نے یہ بھی الزام لگایا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی نائب صدر جیسے اعلیٰ آئینی عہدے کو ایک مخصوص نظریے سے جوڑنا چاہتی ہے، جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ اس موقع پر کانگریس کی پردیش اکائی کے صدر اجے رائے اور پارٹی کے سینئر لیڈر پرمود تیواری بھی موجود تھے۔
نائب صدر کا انتخاب 9 ستمبر کو ہوگا۔ یہ عہدہ جگدیپ دھنکڑ کے حال ہی میں استعفیٰ دینے کے بعد خالی ہوا ہے۔ حکمران قومی جمہوری اتحاد (این۔ڈی۔اے) نے اس انتخاب میں سابق ممبر پارلیمان سی۔ پی۔ رادھا کرشنن کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔