نائب صدر انتخاب: رادھا کرشنن نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-08-2025
نائب صدر انتخاب: رادھا کرشنن نے پرچہ نامزدگی داخل کیا
نائب صدر انتخاب: رادھا کرشنن نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

 



نئی دہلی: نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کے لیے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدوار سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے بدھ کے روز وزیراعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور دیگر سینئر رہنماؤں کی موجودگی میں نامزدگی کا پرچہ داخل کیا۔

رادھا کرشنن جب اپنا نامزدگی فارم داخل کرنے گئے تو اُن کے ساتھ این ڈی اے کے سینئر رہنما اور وزیراعظم نریندر مودی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم مودی نے راجیہ سبھا کے سیکریٹری جنرل پی۔ سی۔ مودی کو نامزدگی فارم کے چار سیٹ جمع کرائے، جو نائب صدر کے انتخاب کے لیے ریٹرننگ آفیسر مقرر ہیں۔

نامزدگی کے ان چار سیٹوں میں وزیراعظم نریندر مودی، راج ناتھ سنگھ، امیت شاہ اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے رہنما راجیورنجن سنگھ اہم تجویز کنندہ کے طور پر شامل ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر نے نامزدگی کاغذات کی جانچ کی، جس کے بعد رادھا کرشنن نے رجسٹر پر دستخط کیے۔ اس کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے وزیراعظم کو نامزدگی کی رسید دی۔

اس موقع پر امیت شاہ، سینئر وزراء پرہلاد جوشی، دھرمیندر پردھان، اور این ڈی اے کے دیگر رہنما بھی موجود تھے، جن میں ٹی ڈی پی (تلگو دیشم پارٹی) کے رہنما و مرکزی وزیر کے۔ رام موہن نائیڈو، شیو سینا کے رہنما شریکانت شنڈے، اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس پاسوان) کے رہنما چراگ پاسوان شامل تھے۔

یہ سبھی رہنما رادھا کرشنن کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں واقع ریٹرننگ آفیسر کے دفتر تک گئے۔ اس سے پہلے رادھا کرشنن نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں واقع "پریرنا ستھل" (مقامِ تحریک) پر مہاتما گاندھی اور دیگر قومی رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پریرنا ستھل میں مشہور شخصیات کے مجسمے نصب ہیں۔ انہوں نے سب سے پہلے مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے جھک کر نمن کیا، اور بعد میں دیگر قومی رہنماؤں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

پارلیمنٹ میں عددی طاقت کے لحاظ سے رادھا کرشنن کا نائب صدر منتخب ہونا تقریباً طے شدہ مانا جا رہا ہے۔ ادھر، اپوزیشن اتحاد "انڈیا" (Indian National Developmental Inclusive Alliance) نے نائب صدر کے انتخاب کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جج بی۔ سدھرشن ریڈی کو مشترکہ امیدوار بنایا ہے۔