ممبئی: نائب صدر کے انتخاب کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار بی۔ سدرشن ریڈی نے جمعہ کو شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی نے ممبئی ہوائی اڈے پر ریڈی کا استقبال کیا۔
ٹھاکرے نے سپریم کورٹ کے سابق جج ریڈی سے کہا کہ ان کی جماعت اور مہا وکاس اگھاڑی کے دیگر اتحادی نائب صدر کے انتخاب میں کھل کر ان کی حمایت کر رہے ہیں۔ حال ہی میں جگدیپ دھنکھڑ کے اچانک استعفے کے باعث ہونے والے نائب صدر کے انتخاب کو اپوزیشن نے ایک "نظریاتی لڑائی" قرار دیا ہے، کیونکہ عددی طاقت حکمران قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے حق میں ہے۔
این ڈی اے نے 9 ستمبر کو ہونے والے انتخاب کے لیے مہاراشٹر کے گورنر سی۔ پی۔ رادھا کرشنن کو امیدوار بنایا ہے۔ ٹھاکرے نے ریڈی کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ "چمتکار بھی ہو سکتے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کے وہ رکن پارلیمنٹ جو ملک سے محبت کرتے ہیں، وہ ریڈی کو ووٹ دے سکتے ہیں۔ ریڈی نے کہا، ادھو ٹھاکرے کی حمایت کے بغیر اپوزیشن میں میری امیدواری پر عام اتفاق رائے ممکن نہیں ہوتا۔