امپھال: نائب صدر سی پی رادھا کرشنن منگل کو ایک روزہ دورے پر منی پور پہنچے، جہاں وہ بشنوپور ضلع میں انڈین نیشنل آرمی (آئی این اے) میوزیم اور جنگی یادگار کا دورہ کریں گے۔ حکام کے مطابق، امپھال ہوائی اڈے پر گورنر اجے کمار بھلا اور وزیر اعلیٰ وائی کھیم چند سنگھ سمیت دیگر اہم شخصیات نے نائب صدر کا استقبال کیا۔
ہوائی اڈے پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ایک عہدیدار نے بتایا، ’’نائب صدر سڑک کے راستے بشنوپور ضلع کے موئرنگ میں واقع آئی این اے میوزیم اور آئی این اے جنگی یادگار کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد وہ امپھال واپس آکر سَینک اسکول جائیں گے۔‘‘ انڈین نیشنل آرمی (آئی این اے) کا پرچم پہلی مرتبہ 14 اپریل 1944 کو موئرنگ میں لہرایا گیا تھا۔ میوزیم میں خطوط، تصاویر، عہدوں کے بیجز اور جنگ سے متعلق دیگر یادگار اشیا محفوظ ہیں۔
یہ میوزیم نیتاجی سبھاش چندر بوس کی قیادت میں آئی این اے کے سپاہیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ نائب صدر کے سَینک اسکول کے دورے کے دوران گورنر اجے کمار بھلا اور وزیر اعلیٰ وائی کھیم چند سنگھ بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ آسام سے منی پور پہنچنے والے سی پی رادھا کرشنن شام ساڑھے چار بجے منی پور سے روانہ ہوکر اروناچل پردیش کے اٹانگر میں واقع ڈونی پولو ہوائی اڈے جائیں گے۔