وارانسی: اتر پردیش کے وارانسی میں آتماوشونیشور مندر کے گربھ گرہ میں آگ لگنے سے ہلچل مچ گئی۔ وارانسی کے چوکھ تھانہ علاقے کے برہمنال چوکی کے تحت واقع آتماوشونیشور مندر میں اتوار کی صبح یہ حادثہ پیش آیا۔ مندر میں آج ہریالی شریںگار اور آرتی جاری تھی۔
اسی دوران آرتی کا دیا روئی کے رابطے میں آگیا اور آگ چاروں طرف پھیل گئی۔ آگ لگنے کے واقعے میں مندر کے مرکزی پجاری سمیت گربھ گرہ میں موجود 7 افراد جھلس گئے۔ تمام زخمیوں کو منڈلیہ اسپتال کبیر چورا میں علاج کے لیے لایا گیا جہاں سے ایک کو نجی اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔
ایک شخص اس حادثے میں 65 فیصد جھلس گیا ہے، جس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اس حادثے میں مندر کے گربھ گرہ میں رکھا سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا ہے۔ حال ہی میں چندی گڑھ سے بھی ایک ایسا ہی واقعہ سامنے آیا تھا، جہاں مندر کے باورچی خانے میں آگ لگنے سے 15 افراد جھلس گئے تھے۔
ان 15 افراد میں سے چھے 70 سے 80 فیصد تک جھلس گئے تھے اور انہیں فریدکوٹ میڈیکل کالج اور اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ باقی زخمیوں کو برنالا سول اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ یہ واقعہ برنالا کے دھانولا میں واقع ایک مندر میں پیش آیا جب عقیدت مندوں کے لیے ‘لنگر’ تیار کیا جا رہا تھا۔