وندے ماترم :مسلم پرسنل لا بورڈ کا موقف سامنے آیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-02-2026
وندے ماترم :مسلم پرسنل لا بورڈ کا موقف سامنے آیا
وندے ماترم :مسلم پرسنل لا بورڈ کا موقف سامنے آیا

 



نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مرکزی حکومت کی جانب سے قومی نغمہ ’’وندے ماترم‘‘ کے تمام چھ اشعار کو سرکاری تقاریب میں پہلے گانے کے حکم کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔ بورڈ نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورت دیگر وہ قانونی کارروائی کرے گا اور عدالت سے رجوع بھی کیا جا سکتا ہے۔

یہ ردعمل مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری اس ہدایت کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جب قومی نغمہ ’’وندے ماترم‘‘ اور قومی ترانہ ’’جن گن من‘‘ ایک ساتھ پیش کیے جائیں تو ’’وندے ماترم‘‘ کے تمام چھ اشعار پہلے گائے جائیں۔ 28 جنوری کو جاری کیے گئے حکم نامے میں وزارتِ داخلہ نے قومی نغمہ گانے کا ایک باقاعدہ پروٹوکول بھی طے کیا تھا۔

اس پروٹوکول کے مطابق قومی تقریبات جیسے صدرِ جمہوریہ کی آمد، ترنگا لہرانے اور گورنروں کی تقاریر کے مواقع پر ’’وندے ماترم‘‘ کے چھ اشعار گائے جائیں گے، جن کا دورانیہ تقریباً 3 منٹ 10 سیکنڈ ہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے اس فیصلے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے اسے غیر آئینی اور مذہبی آزادی کے منافی قرار دیا ہے۔

بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد فضل الرحمٰن مجددی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ مسلمانوں کے لیے مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رابندر ناتھ ٹیگور کی رائے اور دستور ساز اسمبلی کی بحث کے بعد یہ طے کیا گیا تھا کہ ’’وندے ماترم‘‘ کے صرف پہلے دو اشعار ہی استعمال کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیکولر حکومت کسی ایک مذہب کی تعلیمات یا عقائد کو دوسرے مذہب کے ماننے والوں پر زبردستی مسلط نہیں کر سکتی۔

اے آئی ایم پی ایل بی کے مطابق یہ نغمہ بنگال کے پس منظر میں لکھا گیا تھا اور اس میں درگا سمیت دیگر دیوی دیوتاؤں کی حمد و ثنا کا ذکر ہے، جو مسلمانوں کے عقائد کے خلاف ہے، کیونکہ مسلمان صرف اللہ کی عبادت کرتا ہے اور اسلام میں شرک کی اجازت نہیں ہے۔

مولانا مجددی نے یہ بھی کہا کہ بھارتی عدالتیں بھی دیگر اشعار کو سیکولر اقدار کے منافی قرار دے چکی ہیں اور ان کے گائے جانے پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ بورڈ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لیا جائے، ورنہ اسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ بورڈ کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلہ مذہبی آزادی اور ملک کے سیکولر اصولوں کے خلاف ہے۔