سری نگر/ آواز دی وائس
جموں میں بھاری بارش، سیلاب اورلینڈ سلائیڈکے قہر سے عام زندگی مفلوج ہو گئی ہے۔ لگاتار بارش کی وجہ سے ندیاں طغیانی پر ہیں اور ہر طرف تباہی کا منظر ہے۔ نچلے علاقوں میں پانی بھر گیا ہے، کئی سڑکیں اور پل بہہ گئے ہیں۔ ماتا ویشنو دیوی مندر کے راستے پر بھوسکھلن کے باعث 32 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔ ویشنو دیوی روٹ پر پیش آئے حادثے میں زخمیوں کی حالت جاننے کے لیے جموں و کشمیر کے نائب راجیہ پال منوج سنہا کٹرا کے کاکریال میں واقع شرائن بورڈ کے ناریانہ اسپتال پہنچے۔ اس دوران انہوں نے معاوضے کا اعلان کیا۔
منوج سنہا نے کہا کہ ویشنو دیوی روٹ پر کل دوپہر بادل پھٹنے کے بعد یہ حادثہ ہوا تھا۔ اس میں کئی لوگوں کی جان چلی گئی اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ ابھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ شرائن بورڈ کی جانب سے تمام مرنے والوں کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے اور 4 لاکھ روپے جموں و کشمیر کے ڈیزاسٹر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے دیے جائیں گے۔ ہر متوفی کے خاندان کو کل 9 لاکھ روپے ملیں گے۔
میں نے کچھ دیر پہلے وزیر اعظم سے بات کی
ادھر، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو جموں میں بھاری بارش اور سیلاب سے پیدا صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ سی ایم نے کہا کہ میں نے کچھ دیر پہلے وزیر اعظم سے بات کی۔ انہیں صورتحال سے آگاہ کرایا۔ میں این ڈی آر ایف کی ٹیم کی تعیناتی کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مرکز جموں و کشمیر کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
بارش رکنے سے تھوڑی راحت ملی
سی ایم عبداللہ نے کہا کہ بدھ کے روز بارش رکنے سے کچھ راحت ملی ہے۔ منگل کے مقابلے میں آج بارش نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں سہولت ہوئی ہے۔ نچلے علاقوں میں پانی کم ہونا شروع ہوا ہے۔ سی ایم نے 2014 کے سیلاب کے دوران جموں شہر میں تَوِی ندی پر بنے چوتھے پل کو پہنچے نقصان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں ڈویژنل کمشنر سے کہہ رہا تھا کہ 2014 میں بھی اسی جگہ پر پل کو نقصان ہوا تھا۔
ہمیں اس بارے میں کچھ کرنا ہوگا
انہوں نے کہا کہ یہ ایک خطرہ ہے جسے ہم صحیح طریقے سے سمجھ نہیں پائے۔ 2014 میں اور آج پھر اسی طرف نقصان کیوں ہوا، یہ جاننے کے لیے ٹیم کو کام پر لگانا ہوگا۔ ایسے اقدامات کرنے ہوں گے کہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔ جب بھی بھاری بارش ہوگی، ندی کے کنارے بسے مکانات ہمیشہ خطرے میں رہیں گے۔ ہمیں اس بارے میں کچھ کرنا ہوگا۔