وشنو دیوی لینڈ سلائیڈنگ: وزیر اعلیٰ نے دکھ کا اظہار کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-08-2025
وشنو دیوی لینڈ سلائیڈنگ: وزیر اعلیٰ نے دکھ کا اظہار کیا
وشنو دیوی لینڈ سلائیڈنگ: وزیر اعلیٰ نے دکھ کا اظہار کیا

 



جموں/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ویشنو دیوی کے راستے پر  لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے میں ہلاکتوں پر بدھ کے روز افسوس کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ جب آفت کی پیشگی وارننگ موجود تھی تو حکام نے یاتریوں کو اس راستے پر جانے سے کیوں نہیں روکا؟
حکام نے بدھ کو بتایا کہ لینڈ سلائیڈ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 32 ہو گئی ہے، کیونکہ ریسکیو ٹیموں نے ملبے کے نیچے سے مزید لاشیں برآمد کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں واقع پہاڑی علاقے کے ویشنو دیوی مندر کے راستے پر ایک دن پہلے پیش آیا تھا۔
عمر عبداللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پر ہمیں بعد میں تفصیل سے بات کرنی ہوگی۔ جب ہمیں موسم کے بارے میں پہلے سے علم تھا، تو کیا ہمیں ان لوگوں کی جان بچانے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے تھا؟ موسم کی وارننگ ہمیں کئی دن پہلے ہی موصول ہو گئی تھی۔
انہوں نے حکام سے سوال کیا کہ یہ لوگ یاترا کے راستے پر کیوں تھے؟ انہیں کیوں نہیں روکا گیا؟ انہیں محفوظ مقام پر کیوں نہیں منتقل کیا گیا؟ اس معاملے پر بعد میں بات ہوگی۔ ہمیں 29 سے 30 افراد کی موت پر افسوس ہے۔
کٹرا سے مندر تک تقریباً 12 کلومیٹر طویل گھماؤدار راستے میں ایک مقام پر زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ مندر تک جانے کے دو راستے ہیں۔ منگل کی صبح سے ہی ہمکوٹی راستے پر یاترا کو معطل کر دیا گیا تھا، لیکن پرانا راستہ دوپہر 1:30 بجے تک کھلا رہا، جب حکام نے موسلا دھار بارش کو دیکھتے ہوئے اسے اگلے حکم تک بند کرنے کا فیصلہ کیا۔