ویکسین سازی: تمام ممکنہ امداد ملے گی ۔پی ایم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-04-2021
پی ایم کا بھروسہ
پی ایم کا بھروسہ

 

 

نئی دہلی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ٹیکہ تیار کرنے والے تمام مینو فیکچرز کو نہ صرف ہر ممکنہ مدد اور لاجسٹک تعاون دیا جائے گا بلکہ ٹیکہ تیار کرنے کی اجازت کے عمل کو بھی سائنٹفک اور تیز کیا جائے گا۔ پورے ملک کی ٹیکہ تیار کرنے والی کمپنیوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات چیت کرتے ہوئے جناب مودی نے ٹیکہ مینو فیکچرنگ کمپنیاں، جو اس وقت آزمائش کے مرحلے میں ہیں، انھیں ہر ممکن مدد اور بلا رکاوٹ منظوری کے عمل کا یقین دلایا۔

انھوں نے کہا کہ تیاری مکمل کرنے کے عمل اور ٹیکہ مینو فیکچرنگ تک ملک نے مشن کووڈ سرکشا کے تحت سرکاری و نجی ساجھیداری کے جذبے کے ساتھ مسلسل کام کیا ہے۔ جناب مودی نے ٹیکہ تیار کرنے والی کمپنیوں کی ان کی حصولیابیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ سمرتھیا، سنسادھن اور سیوبھاؤ ہماری ٹیکہ صنعت کی سب سے بڑی طاقت ہے اور یہ وہ جذبہ ہے جس نے ہمیں دنیا میں ایک ٹیکہ قائد ملک کے طور پر جگہ دی ہے۔

ہمارے ٹیکہ مینوفیکچرز کی صلاحیت میں اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے یکم مئی سے ہر بالغ کے لئے ٹیکہ کاری پروگرام کی اجازت دے دی ہے۔ انھوں نے ٹیکہ مینو فیکچرز سے اپیل کی کہ وہ کم سے کم وقت میں لوگوں کو ٹیکہ لگانے کے لئے ٹیکہ تیار کرنے کی گنجائش میں مسلسل اضافے کو جاری رکھیں۔ انھوں نے نئے ٹیکوں کی تیاری میں ہمارے سائنسدانوں کے ذریعے مطالعے اور کوششوں کی ستائش کی۔ جناب مودی نے ریکارڈ وقت میں ٹیکہ تیار کرنے کے لئے انھیں سراہا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ بھارت میں تیار کیا گیا ٹیکہ سب سے زیادہ کفایتی قیمت کا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا ٹیکہ کاری پروگرام بھارت میں جاری ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر نے ملک کی کووڈ۔اُنیس کے خلاف لڑائی میں نہایت اہم رول ادا کیا ہے اور آئندہ دنوں میں ٹیکہ کاری مہم میں پرائیویٹ سیکٹر اور زیادہ سرگرم رول ادا کرے گا اور اس عمل میں اسپتالوں اور صنعت کے درمیان تال میل کی ضرورت ہوگی۔ ٹیکہ مینو فیکچررز نے 18 سال کی عمر سے زیادہ کے سبھی افراد کو ٹیکہ لگانے کی حکومت کی طرف سے اجازت کے فیصلے کے لئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے ٹیکہ کی تیاری کے مکمل عمل میں شروع سے آخر تک وزیر اعظم کی قیادت میں سرکار کی طرف سے ملے تعاون کی ستائش کی۔ کمپنیوں نے ٹیکوں کی تیاری کی صلاحیت میں اضافے اور نئی اقسام پر تحقیق کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔