رائے پور: چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ وشنو دیو سائے نے گزشتہ ہفتے اتراکھنڈ میں سرنگ حادثے میں ریاست کے چار مزدوروں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو 5-5 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی ہونے والے ریاست کے دو مزدوروں کو بھی 50-50 ہزار روپے کی امداد فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ 13 اگست کی شام اتراکھنڈ کے چمولی ضلع میں ایک پن بجلی منصوبے کے مقام پر زیرِ تعمیر سرنگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پانی اور ملبہ داخل ہوگیا تھا۔ اس کے نتیجے میں تین کلومیٹر طویل سرنگ کے اندر 22 مزدور پھنس گئے تھے۔ یہ حادثہ پیپَل کوٹی علاقے میں ٹیہری ہائیڈرو ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (THDC) کے منصوبے کے مقام پر پیش آیا۔ حکام کے مطابق حادثے میں 11 مزدور ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔
ہلاک ہونے والوں میں چھتیس گڑھ کے کونڈاگاؤں ضلع کے چار مزدور شامل تھے۔ ان میں دو دھن سولی گاؤں جبکہ ایک ایک مدنار اور دہیکونگا گاؤں کے رہنے والے تھے۔ وزیراعلیٰ سائے نے جمعرات کی رات ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں چھتیس گڑھ کے چار مزدوروں کی موت کو ’’انتہائی افسوسناک‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی مزدوروں کی میتیں کونڈاگاؤں لائی گئیں، جہاں اہل خانہ کی موجودگی میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
سائے نے کہا، ’’ہر متوفی مزدور کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے اور دونوں زخمی مزدوروں کو 50-50 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔‘‘ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ریاستی حکومت سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے متوفین کی ارواح کے سکون اور سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دینے کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے دونوں زخمی مزدوروں کی جلد صحت یابی کی بھی خواہش کی۔