دہرہ دون: اترکھنڈ میں بھاری بارش کے بعد ندی نالوں میں زبردست طغیانی ہے اور اس کے سبب مسلسل حادثات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ دہرہ دون کے پریم نگر علاقے میں آسن ندی میں قریب 15 مزدور بہہ گئے۔ ان میں سے دو لوگوں کو ایس ڈی آر ایف نے بچا لیا ہے، جبکہ پانچ اب بھی لاپتہ ہیں۔ اس حادثے میں ایس ڈی آر ایف نے آٹھ لاشیں برآمد کی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ سبھی لوگ ندی میں کھدائی کرنے گئے تھے، لیکن ندی میں زیادہ پانی آنے کی وجہ سے بہہ گئے۔ اسی کے ساتھ اترکھنڈ کے پہاڑوں کی گود میں بسا پُرسکون مالدیوتا اور سہسترادھارا اچانک قدرت کے قہر سے دہل اٹھے۔ سہسترادھارا کی وادیوں میں بارش قہر بن کر برسی۔
بادل پھٹا تو صرف پانی نہیں برسا بلکہ اوپر سے آفت بھی نازل ہوئی۔ وہیں مالدیوتا میں سونگ ندی بھی طغیانی پر ہے۔ یہ ندی دہرہ دون-مالدیوتا اور ٹہری جانے والے راستے کو بہا کر لے گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 10 سے 15 برس میں پہلی بار سونگ ندی کا اتنا خوفناک روپ دیکھنے کو ملا ہے۔ ادھر سہسترادھارا میں ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف اور لوک نرمان وبھاگ (پی ڈبلیو ڈی) کی ٹیمیں جے سی بی اور دیگر ضروری آلات کے ساتھ راحت و بچاؤ کے کام میں جٹی ہوئی ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق کچھ دکانیں بہہ گئی ہیں، البتہ اب تک کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ فی الحال دو لوگ لاپتہ بتائے جا رہے ہیں جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔
یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی نے متاثرین کے لیے اظہارِ غم، لواحقین کو دو دو لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان دہرہ دون کے حادثے کو لے کر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جاں بحق افراد کے تئیں گہری تعزیت پیش کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ مرنے والوں کی لاشوں کو ان کے گھروالوں تک پہنچانے کا انتظام کریں۔ ساتھ ہی اتر پردیش کے متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر دو دو لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کے بھی احکامات دیے۔
دہرہ دون کے قریب سدھووالا میں ٹونس ندی میں طغیانی ہے۔ اس میں پھنسا ایک نوجوان اپنی جان بچانے کے لیے کھمبے پر چڑھ گیا۔ اسے بچانے کے لیے ڈرون کے ذریعے رسی پہنچائی گئی اور پھر محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا۔ اترکھنڈ کی راجدھانی دہرہ دون اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں منگل کو بادل پھٹنے اور رات بھر ہوئی بھاری بارش سے بھیانک تباہی مچ گئی۔
اس کے سبب 500 سے زیادہ لوگ مختلف مقامات پر پھنس گئے۔ ضلعی آفاتِ انتظامی دفتر کے مطابق سہسترادھارا، مالدیوتا، سنتلا دیوی اور ڈالنوالا سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہیں۔ سہسترادھارا میں 192 ملی میٹر، مالدیوتا میں 141.5 ملی میٹر، ہاتھی برکلا اور جولی گرانٹ میں 92.5 ملی میٹر اور کالسی میں 83.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔