دہرادون: اتراکھنڈ اسمبلی نے بدھ کے روز اقلیتی تعلیم بل 2025 کو منظور کر لیا۔ اس بل کے نافذ ہونے کے بعد ریاست میں مدرسہ تعلیم بورڈ ایکٹ اور غیر سرکاری عربی و فارسی مدارس کی منظوری سے متعلق ضوابط ختم ہو جائیں گے۔ نئے قانون کے تحت اب ریاست میں مسلمان برادری کے ساتھ ساتھ سکھ، جین، بدھ، عیسائی اور پارسی اقلیتوں کے تعلیمی اداروں کو بھی اقلیتی تعلیمی ادارے کا درجہ حاصل ہوگا۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا:آج اسمبلی میں ‘اتراکھنڈ اقلیتی تعلیم بل 2025’ منظور ہو گیا ہے۔ اب تک اقلیتی اداروں کی منظوری صرف مسلم برادری تک محدود تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مدرسہ تعلیمی نظام میں کئی برسوں سے مرکزی اسکالرشپ کی تقسیم میں بے ضابطگیاں، دوپہر کے کھانے میں گڑبڑیاں اور انتظامی شفافیت کی کمی جیسے سنگین مسائل سامنے آ رہے تھے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس بل کے نافذ ہونے کے بعد مدرسہ بورڈ ایکٹ 2016 اور عربی و فارسی مدارس کے منظوری ضوابط 2019 یکم جولائی 2026 سے منسوخ ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تمام اقلیتی برادریوں کے تعلیمی اداروں کو شفاف طریقے سے منظوری دی جائے گی، جس سے نہ صرف تعلیم کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ طلبہ کے مفادات کی بھی حفاظت ہوگی۔
نئے قانون کے تحت ایک ایسا اتھارٹی تشکیل دیا جائے گا جس سے تمام اقلیتی برادریوں کے تعلیمی اداروں کے لیے منظوری لینا لازمی ہوگا۔ یہ اتھارٹی ان اداروں میں تعلیمی معیارات کو فروغ دے گی تاکہ اقلیتی برادری کے بچوں کو معیاری تعلیم مل سکے اور ان کی تعلیمی ترقی یقینی ہو سکے۔
اتھارٹی اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ ان اداروں میں اتراکھنڈ اسکول ایجوکیشن بورڈ کے طے شدہ معیارات کے مطابق تعلیم دی جائے اور طلبہ کا جائزہ منصفانہ اور شفاف طریقے سے ہو۔ وزیراعلیٰ دھامی نے کہا،یقینی طور پر یہ بل ریاست میں تعلیمی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کو ایک نئی سمت فراہم کرے گا۔