دہرادون: اتراکھنڈ کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل گرمیت سنگھ (ریٹائرڈ) نے اتراکھنڈ اقلیتی تعلیم بل 2025 کو منظوری دے دی ہے، جس کے نافذ ہونے کے بعد صوبے میں مدرسہ بورڈ ختم ہو جائے گا اور تمام اقلیتی تعلیمی اداروں کے لیے ایک یکساں قانون نافذ ہوگا۔
وزیر اعلیٰ پُشکر سنگھ دھامی نے سوشل میڈیا پر یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ گورنر کی منظوری کے ساتھ ہی اس بل کے قانون بننے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا، "اس قانون کے تحت اقلیتی برادریوں کے تعلیمی نظام کے لیے ایک اتھارٹی تشکیل دی جائے گی جو اقلیتی تعلیمی اداروں کو منظوری دینے کا کام کرے گی۔"
دھامی نے کہا کہ یقیناً یہ قانون ریاست کے تعلیمی نظام کو زیادہ شفاف، جوابدہ اور معیاری بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس سال اگست میں ریاستی کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد دھامی حکومت نے غیرسین میں منعقدہ ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس میں اس بل کو پیش کیا تھا، جہاں اسے منظور کر لیا گیا۔ بل کے تحت صوبے میں مسلم برادری کے ساتھ ساتھ دیگر اقلیتی برادریوں سکھ، جین، بدھ، عیسائی اور پارسی کے تعلیمی اداروں کو بھی اقلیتی تعلیمی ادارے کا درجہ حاصل ہوگا۔
اب تک اقلیتی اداروں کی منظوری صرف مسلم برادری تک محدود تھی۔ اس بل میں ایک ایسی اتھارٹی کے قیام کی شق شامل ہے جس سے تمام اقلیتی برادریوں کے قائم کردہ تعلیمی اداروں کے لیے منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ یہ اتھارٹی یہ بھی یقینی بنائے گی کہ ان اداروں میں اتراکھنڈ اسکول ایجوکیشن بورڈ کے مقرر کردہ معیارات کے مطابق تعلیم دی جائے اور طلبہ کا جائزہ منصفانہ و شفاف طریقے سے ہو۔
اس قانون کے نافذ ہونے کے بعد مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ایکٹ 2016 اور غیر سرکاری عربی و فارسی مدارس کی منظوری کے قواعد 2019، یکم جولائی 2026 سے منسوخ ہو جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس سے قبل کہا تھا کہ مدرسہ تعلیمی نظام میں برسوں سے مرکزی اسکالرشپ کی تقسیم میں بے ضابطگیاں، دوپہر کے کھانے کی اسکیم میں بدانتظامی اور انتظامی شفافیت کی کمی جیسی سنگین مسائل درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ اس قانون سے حکومت کو اقلیتی تعلیمی اداروں کے انتظام و انصرام کی مؤثر نگرانی اور ضروری ہدایات جاری کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، جس سے ریاست میں تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور سماجی ہم آہنگی مضبوط ہوگی۔