دہرادون/ آوازدی وائس
اتراکھنڈ کابینہ نے غیر قانونی مذہب کی تبدیلی پر سخت رویہ اپناتے ہوئے بدھ (13 اگست) کو ’’اتراکھنڈ مذہبی آزادی (ترمیمی) بل 2025‘‘ کو منظوری دے دی، جس کے تحت سنگین معاملات میں عمر قید تک کی سزا اور بھاری جرمانے جیسے اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی زیرِ صدارت ریاستی کابینہ کے اجلاس میں اس بل کو منظوری دی گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس بل میں غیر قانونی مذہب کی تبدیلی پر سخت سزاؤں کے علاوہ ڈیجیٹل ذرائع سے مذہب کی تبلیغ پر پابندی اور متاثرہ افراد کے تحفظ کے لیے بھی سخت دفعات شامل کی گئی ہیں۔ بل میں لالچ (پریلوبھن) کی تعریف کو وسیع کرتے ہوئے تحفہ، نقد یا اشیائی فائدہ، روزگار، مفت تعلیم، شادی کا وعدہ، مذہبی عقیدہ کو مجروح کرنا یا دوسرے مذہب کی تعریف و تمجید، سب کو جرم کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
عمر قید تک کی سزا کا قانون
اس میں ڈیجیٹل ذرائع پر پابندی لگاتے ہوئے سوشل میڈیا، میسجنگ ایپس یا کسی بھی آن لائن ذریعے سے مذہب کی تبدیلی کے مقصد سے تبلیغ یا اکسانے جیسے کاموں کو قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔ بل کے تحت سخت سزا کا بندوبست ہے، جس میں عام خلاف ورزی پر 3 سے 10 سال، حساس طبقے سے متعلق معاملات میں 5 سے 14 سال، جبکہ سنگین معاملات میں 20 سال سے عمر قید تک کی سزا اور بھاری جرمانے کی شق موجود ہے۔
اہم نکات
لالچ کی وسیع تعریف: تحفہ، نقد/اشیائی فائدہ، روزگار، مفت تعلیم، شادی کا وعدہ، مذہبی عقیدہ کو مجروح کرنا یا دوسرے مذہب کی تعریف، سب جرم میں شامل۔
ڈیجیٹل ذرائع پر پابندی: سوشل میڈیا، میسجنگ ایپس یا کسی بھی آن لائن پلیٹ فارم سے مذہب کی تبدیلی کی تبلیغ/اکسانا قابلِ سزا۔
سخت سزا: عام خلاف ورزی پر 3–10 سال، حساس طبقے سے متعلق معاملے میں 5–14 سال، جبکہ سنگین معاملے میں 20 سال سے عمر قید تک اور بھاری جرمانہ۔
جھوٹی شناخت سے شادی یا مذہب چھپا کر شادی کرنے پر سخت سزا۔
متاثرہ فرد کے حقوق کا تحفظ، بحالی، علاج، سفر اور نان و نفقے کا انتظام۔
نابالغ یا شخص کی اسمگلنگ بھی سزا کے دائرے میں
جھوٹی شناخت بنا کر یا مذہب چھپا کر شادی کرنے پر سخت سزا، اور متاثرہ شخص کے تحفظ، بحالی، علاج، سفر اور نان و نفقے کا انتظام بھی بل میں شامل کیا گیا ہے۔ ’’اتراکھنڈ مذہبی آزادی ایکٹ‘‘ میں ترمیم کے تحت تمام جرائم کو قابلِ دست اندازی پولیس اور ناقابلِ ضمانت بنایا گیا ہے، جن کی سماعت سیشن عدالت میں ہوگی۔ ترمیم کے مطابق اگر کوئی شخص مذہب کی تبدیلی کے لیے کسی کو جان یا مال کے خوف میں ڈالتا ہے تو اسے کم از کم 20 سال کی سزا ہوگی، جو عمر قید تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ اس میں مذہب کی تبدیلی کے لیے حملہ، زبردستی، شادی یا شادی کا وعدہ دینا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ کسی نابالغ یا شخص کی اسمگلنگ یا فروخت کرنا بھی اسی سزا کے دائرے میں آئے گا۔ ایسے مجرم پر جرمانہ متاثرہ کی علاج یا بحالی کے اخراجات کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
ریاستی حکومت نے کہا کہ یہ قانون شہریوں کے مذہبی حقوق کو محفوظ رکھتے ہوئے دھوکہ، لالچ یا دباؤ سے ہونے والی مذہب کی تبدیلی پر روک لگائے گا اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھے گا۔