چمولی/ آواز دی وائس
اترکھنڈ کے چمولی ضلع کے نندا نگر میں دو دیہاتوں میں بادل پھٹ گیا ہے۔ نندا نگر کے کنطری گاؤں اور دھُرما گاؤں میں بادل پھٹنے سے دونوں دیہات میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ کنطری گاؤں میں 6 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں اور سات لوگ لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ وہیں، دھُرما گاؤں میں بھی بادل پھٹنے سے شدید تباہی ہوئی ہے، یہاں پانچ مکانات پوری طرح سے منہدم ہو گئے ہیں اور دو لوگ لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ موکش ندی کا پانی خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔
اترکھنڈ میں بادل پھٹنے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں میں کئی اضلاع میں بادل پھٹنے سے بھاری نقصان ہوا ہے۔ چمولی میں محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری کیا گیا بھاری بارش کا انتباہ بالکل درست ثابت ہوا ہے۔ نندا نگر میں بھاری بارش کے باعث بہت نقصان ہوا ہے، جہاں کنطری گاؤں کے کئی مکانات ملبے کی زد میں آ گئے ہیں۔ کچھ لوگوں کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں لگ سکا ہے۔ مقامی لوگ، نندا نگر تھانہ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن حالات اتنے سنگین ہیں کہ انتظامیہ کو وہاں تک پہنچنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
چمولی میں مزید بھاری بارش کی وارننگ
محکمۂ موسمیات نے آنے والے دنوں میں چمولی میں مزید بھاری بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بادل پھٹنے کے بعد کئی رہائشی اب بھی اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ افسران نے لاپتہ افراد کا پتا لگانے کے لیے زمینی سطح پر ٹیمیں تعینات کر دی ہیں، تاہم خطرہ یہ بھی ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید بھوسکھلن (لینڈ سلائیڈ) ہو سکتا ہے۔ یہ واقعہ دہرادون کے سہستردھارا میں چار دن پہلے ہوئے خوفناک بادل پھٹنے کے بعد پیش آیا ہے، جس میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس آفت میں سڑکیں بہہ گئیں، دکانیں اور مکانات تباہ ہو گئے اور دو بڑے پل بھی منہدم ہو گئے تھے۔
بھاری بارش کے دوران دہرادون کے ٹپکیشور مہادیو مندر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ سہستردھارا میں بادل پھٹنے اور تیز بارش سے تمسا ندی میں طغیانی آ گئی، جس کے باعث مندر کے احاطے میں پانی بھر گیا۔ مندر میں کئی فٹ تک ریت اور ملبہ جمع ہو گیا، جس سے شو لِنگ ڈوب گیا اور دیواروں میں گہری دراڑیں پڑ گئیں۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے دہرادون، چمپاوَت، اُدھم سنگھ نگر، ٹہری گڑھوال، پاؤڑی گڑھوال، پاؤڑی گڑھ اور چمولی کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور رہائشیوں کو 20 ستمبر تک انتہائی شدید بارش، بھوسکھلن، بنیادی ڈھانچے کے گرنے اور بڑھتی ہوئی اموات کے خدشے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔