چمولی: اتراکھنڈ کے ضلع چمولی کی تحصیل تھرالی میں گزشتہ شب ہونے والے بادل پھٹنے کے واقعے نے شدید تباہی مچائی ہے۔ تھرالی کے تونری گدیرا میں بادل پھٹنے سے بازار، کوٹدیپ، تحصیل تھرالی کمپلیکس اور آس پاس کے کئی علاقوں میں بھاری مقدار میں ملبہ آ گیا، جس سے عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔ تحصیل کمپلیکس کے ایس ڈی ایم کی رہائش بھی ملبے میں دب گئی۔ خوش قسمتی سے، ایس ڈی ایم اور اہل خانہ نے بروقت عمارت چھوڑ دی تھی۔
کئی گاڑیاں ملبے تلے دب گئی ہیں۔ تین سے زائد دکانوں کے بہنے کی اطلاع ہے، جب کہ ایک 20 سالہ لڑکی اور ایک بزرگ شخص لاپتہ ہیں۔ سگواڑا گاؤں سے بھی افراد کے ملبے تلے دبنے کی خبریں آ رہی ہیں۔ ضلعی مجسٹریٹ سندیپ تیواری نے موقع پر پہنچ کر خود ریلیف اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔
این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور پولیس ٹیمیں موقع پر سرگرم ہیں۔ 27 این ڈی آر ایف اہلکار مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں جب کہ ایک اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم تھرالی روانہ ہو چکی ہے۔ حکام کے مطابق، وَاش آؤٹ سڑک کو بی آر او نے پہاڑی کٹائی کے ذریعے دوبارہ کھول دیا ہے۔
ہرمونی کے مقام پر بھی جلد راستہ کھولے جانے کی امید ہے۔ جے سی بی مشینیں ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں اور طبی سہولیات بھی ہسپتال میں مکمل طور پر دستیاب ہیں۔ بھاری بارش کے پیشِ نظر تھرالی، دیوال اور نارائن بگڑ بلاکس کے تمام اسکولوں میں آج چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے عوام سے محفوظ مقامات پر رہنے اور کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل مقامی انتظامیہ کے رابطے میں ہیں اور تمام صورتِ حال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے دعا کی کہ سب لوگ خیریت سے ہوں۔
سابق وزیر اعلیٰ اور موجودہ رکن پارلیمان تریویندر سنگھ راوت نے بھی متاثرین کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان دکھ کی گھڑی میں اہلِ علاقہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں پوری مستعدی سے کام کر رہی ہیں۔
ملبے نے نہ صرف گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ تھرالی بازار بھی ملبے سے بھر چکا ہے۔ تھرالی-سگواڑا اور تھرالی-گوالدم سڑکیں بھی بند ہو چکی ہیں، جبکہ مقامی نالے اچانک طغیانی میں آ گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے ریلیف اور بچاؤ کے کام تیزی سے جاری ہیں، تاہم موسم کی سنگینی کے پیش نظر مقامی لوگوں کو محتاط رہنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔