اتراکھنڈ: مسافروں سے بھری بس دریا میں گری، ریسکیو آپریشن جاری

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-06-2025
اتراکھنڈ: مسافروں سے بھری بس دریا میں گری، ریسکیو آپریشن جاری
اتراکھنڈ: مسافروں سے بھری بس دریا میں گری، ریسکیو آپریشن جاری

 



دہرادون/ آواز دی وائس
اترکھنڈ کے ضلع رودرپریاگ میں جمعرات کی صبح ایک بس کے الکنندا ندی میں گر جانے سے کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ دس دیگر لاپتہ ہیں۔ یہ بس چار دھام یاترا کے ایک اہم تیرتھ بدری ناتھ دھام کی جانب جا رہی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، یہ گاڑی رودرپریاگ سے بدری ناتھ کی جانب جا رہی تھی جب اچانک ڈرائیور کا بس پر کنٹرول ختم ہو گیا اور وہ سیدھی دریا میں جا گری۔ اس حادثے میں کچھ مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ایک افسر نے بتایا کہ زخمیوں کو فوراً رودرپریاگ کے ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا۔ یہ 31 سیٹوں والی بس تھی جس میں ڈرائیور سمیت 20 افراد سوار تھے۔ مسافروں میں راجستھان کے اُدے پور، گجرات اور ایک خاندان کے افراد شامل تھے، جو چار دھام یاترا پر نکلے تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف (ریسکیو فورس) کی ٹیم نے صبح تقریباً آٹھ بجے بچاؤ آپریشن شروع کر دیا۔ ریسکیو ٹیم اب تک دو بچوں، دو خواتین اور تین مردوں کو بچا چکی ہے، جبکہ دس افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔
ایس ڈی آر ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ رودرپریاگ ضلع کے گھول تیر علاقے میں ایک ٹیمپو ٹریولر کے گہری کھائی میں گرنے کی اطلاع پر اگستیمونی، رَتورا اور گوچر تھانوں کی پولیس ٹیموں کے ساتھ ایس ڈی آر ایف کی یونٹس کو فوراً موقع پر روانہ کیا گیا۔
ایس ڈی آر ایف کا بیان
ایس ڈی آر ایف نے مزید کہا کہ ریسکیو ٹیموں نے تیزی سے امدادی کارروائیاں شروع کیں، کچھ زخمیوں کو محفوظ نکالا گیا اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایک لاش بھی برآمد ہوئی ہے جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔‘‘ ایس ڈی آر ایف کمانڈنٹ اَرپن یَدوونشی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی آر ایف، پولیس اہلکار اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں مشترکہ طور پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ آج ندی کا بہاؤ بہت تیز ہے اور بچاؤ کا کام بہت چیلنجنگ ہے۔
ادھر اترکھنڈ کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیکریٹری ونود کمار سُمن نے بتایا کہ اس حادثے میں تین افراد کی موت ہوئی ہے۔ بس میں راجستھان کے سات، مدھیہ پردیش کے تین، گجرات کے سات اور مہاراشٹر کے دو مسافر سوار تھے، جبکہ ڈرائیور ہریدوار کا رہائشی تھا۔
وزیراعلیٰ دھامی کا اظہار افسوس
اترکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے رودرپریاگ حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ضلع رودرپریاگ میں ایک ٹیمپو ٹریولر کے ندی میں گرنے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ ایس ڈی آر ایف سمیت دیگر بچاؤ ٹیمیں جنگی سطح پر راحت و بچاؤ کے کام میں لگی ہوئی ہیں۔ میں مسلسل مقامی انتظامیہ کے رابطے میں ہوں۔ دعا گو ہوں کہ سبھی لوگ خیریت سے ہوں۔