لکھنؤ
مرکزی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعہ کے روز کہا کہ آنے والے برسوں میں اتر پردیش تعلیم کے میدان میں نئے معیار قائم کرے گا، کیونکہ ریاست کا مقصد ایسا تعلیمی ماحول پیدا کرنا ہے جہاں بچے مثبت ماحول میں سیکھ سکیں، ترقی کریں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔
لکھنؤ میں سٹی مونٹیسوری اسکول کے گولف سٹی کیمپس کی مرکزی عمارت کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ یہاں کے تعلیمی ادارے نہ صرف ریاست کے طلبہ بلکہ پورے ہندوستان کے طلبہ کے لیے بھی مرکزِ توجہ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں صرف اسکول اور کالج کھولنے پر ہی توجہ نہیں دی جا رہی بلکہ ایک ایسا نظام قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں بچے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مثبت ماحول میں اپنی شخصیت کو بھی نکھار سکیں۔انہوں نے کہا كہ مجھے پورا یقین ہے کہ ان مشترکہ کوششوں کی بدولت اتر پردیش آنے والے برسوں میں تعلیم کے میدان میں نئے سنگِ میل قائم کرے گا۔
لکھنؤ کے رکنِ پارلیمان راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اتر پردیش ایک جامع وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں ریاست نے مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ بنیادی ڈھانچے، سرمایہ کاری، صنعت اور تعلیم کے میدان میں اتر پردیش نے نئی رفتار حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب کسی شہر کی شناخت صرف اس کی سڑکوں اور عمارتوں سے آگے بڑھ کر اس کے تعلیمی اور ثقافتی اداروں سے جڑ جاتی ہے تو وہ شہر دراصل معاشرے کے مستقبل کو تشکیل دے رہا ہوتا ہے۔
انہوں نے سماجی مصلحین ساوتری بائی پھولے اور جیوتی با پھولے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں نے سماج کے محروم طبقات تک تعلیم پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا اور یہ ثابت کیا کہ تعلیم معاشرے میں مساوات اور بیداری پیدا کرنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اپنی اصل شناخت کے مطابق ہمیشہ علم کی تلاش میں مصروف رہا ہے۔ قدیم دور سے لے کر آج تک اس سرزمین پر علم و دانش کی روایت مضبوط رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی علمی روایت میں تعلیم کو صرف معلومات حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں سمجھا گیا بلکہ اسے کردار سازی کا اہم وسیلہ بھی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب عظیم جامعات جیسے تکششیلا یونیورسٹی، نالندہ یونیورسٹی اور وکرم شیلا یونیورسٹی اپنے عروج پر تھیں تو دنیا کے مختلف خطوں سے طلبہ یہاں تعلیم حاصل کرنے آتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے غالباً فاہیان اور ہیون سانگ کے نام سنے ہوں گے۔ یہ بھی اسی سرزمین پر علم حاصل کرنے آئے تھے، کیونکہ یہاں تعلیم صرف علم حاصل کرنے تک محدود نہیں تھی بلکہ زندگی کی اقدار سکھانے کا ذریعہ بھی تھی۔ اسی وجہ سے اس دور میں ہندوستان کو دنیا میں علم و ثقافت کے عالمی مرکز کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔
اس موقع پر راجناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر ایم ایس سوامیناتھن نے زرعی سائنس کے استعمال کے ذریعے ملک کو اناج کے معاملے میں خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی طرح ڈاکٹر ورگیز کورین نے سفید انقلاب کے ذریعے ہندوستان کو دنیا کے بڑے دودھ پیدا کرنے والے ممالک میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سائنس دان جگدیش چندر بوس کی مثال بھی ہمارے سامنے ہے۔ ابتدائی دنوں میں ان کے پاس جدید تجربہ گاہیں نہیں تھیں، مگر ان کی جستجو، تجسس اور تحقیق کے جذبے نے انہیں سائنس کی دنیا میں ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام مثالوں میں ایک مشترک بات یہ ہے کہ پہلے انہوں نے علم حاصل کیا اور پھر اسی علم کو معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا۔ یہی دراصل تعلیم کا حقیقی مقصد ہے کہ انسان اپنے علم کو صرف ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ معاشرے کی ترقی کے لیے بھی استعمال کرے۔
راجناتھ سنگھ نے اسکول کی نئی تعریف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسکول صرف علم دینے کی جگہ نہیں بلکہ کردار سازی کی تجربہ گاہ بھی ہے۔ یہاں نہ صرف ریاضی، سائنس اور زبانیں سکھائی جاتی ہیں بلکہ زندگی کی اقدار بھی سکھائی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔ بچوں کی شخصیت کی تشکیل میں اسکول کے ساتھ ساتھ گھر کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔ اسکول انہیں علم، نظم و ضبط اور تجربہ فراہم کرتا ہے جبکہ گھر انہیں زندگی کے تجربات، حساسیت اور اخلاقی اقدار سکھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی نوکری، زیادہ تنخواہ یا کسی بڑے ادارے میں داخلہ حاصل کرنا ہی زندگی میں کامیابی نہیں ہے۔ اصل کامیابی تب حاصل ہوتی ہے جب انسان اپنے علم اور خیالات کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکے۔
راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بچوں کو صرف زیادہ نمبر حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی تیار کرنا ضروری ہے۔