لکھنو: فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25 میں سب سے زیادہ تقریباً 47 ہزار کروڑ روپے کے الیکٹرانک مصنوعات کی برآمد کی گئی۔ دوسرے نمبر پر گوشت کی برآمد رہی، جو تقریباً 20 ہزار کروڑ روپے کی رہی۔
تیسرے نمبر پر ٹیکسٹائل (کپڑے) کا شعبہ رہا۔ اتر پردیش الیکٹرانکس کی برآمدات کا سب سے بڑا مرکز بن گیا ہے۔ FIEO کی تازہ رپورٹ کے مطابق، اتر پردیش اب ہندوستان کا سب سے بڑا الیکٹرانکس برآمداتی مرکز بن گیا ہے، جس میں الیکٹرانکس، گوشت، ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر اقسام کی مشینری، قالین، جوتے، دھات سے بنے برتن جیسے مصنوعات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، اتر پردیش کے ٹاپ 10 میں سے 9 شعبوں میں مثبت ترقی دیکھی گئی ہے۔ اس میں "ایک ضلع، ایک پیداوار"، فریٹ کوریڈور، اور لاجسٹک پارک کا اہم کردار رہا ہے۔ برآمداتی شعبے میں اس اضافہ کا کریڈٹ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی مؤثر پالیسیوں کو بھی دیا جا رہا ہے، جنہوں نے ریاست میں تجارتی ماحول اور بنیادی ڈھانچے میں تیزی سے بہتری لائی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2023-24 میں الیکٹرانک مصنوعات کی برآمدات 38,756 کروڑ روپے تھیں، جو 2024-25 میں بڑھ کر 46,131 کروڑ روپے تک پہنچ گئیں۔ وہیں گوشت کی برآمد میں بھی 1,276 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا، جو 18,505 سے بڑھ کر 19,781 کروڑ روپے ہو گیا۔ ٹیکسٹائل کی برآمدات بھی 14,054 سے بڑھ کر 15,551 کروڑ روپے ہو گئی ہیں۔
اتر پردیش کی مصنوعات کی برآمدات امریکہ، برطانیہ، جرمنی، نیپال، آسٹریا، فرانس، نیدرلینڈ، اور اسپین جیسے ممالک میں بڑھی ہیں۔ گزشتہ مالی سال میں امریکہ میں 19 فیصد، برطانیہ میں 7 فیصد، یو اے ای میں 6 فیصد، جرمنی میں 5 فیصد، نیپال میں 5 فیصد، آسٹریا میں 5 فیصد، فرانس میں 4 فیصد اور اسپین میں 3 فیصد تک برآمدات ہوئی ہیں۔ یہ خبر اتر پردیش کی معیشت کے لیے ایک نہایت مثبت اشارہ ہے۔