اتر پردیش کی ندیوں میں طغیانی: کئی اضلاع میں سیلاب، سینکڑوں گاؤں متاثر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2025
اتر پردیش کی ندیوں میں طغیانی: کئی اضلاع میں سیلاب، سینکڑوں گاؤں متاثر
اتر پردیش کی ندیوں میں طغیانی: کئی اضلاع میں سیلاب، سینکڑوں گاؤں متاثر

 



لکھنؤ: اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں واقع آبی ذخائر کے علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے گنگا، یمنا اور شاردا سمیت ریاست کی کئی بڑی ندیوں کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ ندیوں کی طغیانی کے باعث ریاست کے کئی اضلاع کے سینکڑوں گاؤں میں عام زندگی درہم برہم ہو گئی ہے۔ ضلع بلیا میں سیلابی پانی میں ڈوبنے سے ایک لڑکے کی موت ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں مانسون سرگرم ہے اور آئندہ ایک ہفتے تک بارش کا سلسلہ کم و بیش جاری رہنے کی توقع ہے۔ مرکزی آبی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق، بدھ کے روز گنگا ندی کچلا پل (بدایوں)، غازی پور، چھت ناگ اور فافامؤ (پریاگ راج)، بلیا، مرزاپور اور وارانسی میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ اسی طرح گھاگھرا ندی ایودھیا اور ایلگن پل (بارہ بنکی) میں بھی خطرے کے نشان سے اوپر ہے۔

رپورٹ کے مطابق، یمنا ندی نینی (پریاگ راج) میں بھی خطرے کے نشان سے اوپر ہے۔ بھنگا (شراوستی) اور راپتی بیراج (شراوستی) میں راپتی ندی کا پانی بھی ابھی تک خطرے کے نشان سے اوپر ہے۔ شاردا نہر پلیاکلاں (لکھیم پور کھیری) میں بھی پانی کی سطح اگرچہ کم ہو رہی ہے، مگر وہ اب بھی خطرے کے نشان سے اوپر ہے۔

پریاگ راج سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، مسلسل کئی دنوں سے ہو رہی بارش کے باعث گنگا اور یمنا کی سطح آب اگرچہ بدھ سے کم ہونا شروع ہو گئی ہے، مگر صدر تحصیل کے 107 وارڈ اور محلّے اب بھی پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔

ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ (مالیات و محصولات) وینیتا سنگھ نے بتایا کہ اگرچہ ندیوں کی سطح آب کم ہو رہی ہے، مگر صدر تحصیل کے 107 محلّے اب بھی متاثر ہیں، جن میں راجاپور، بیلی کچار، چاند پور سلوری، گووند پور، چھوٹا بغاڑا اور بڑا بغاڑا شامل ہیں۔ بلیا ضلع میں گنگا اور سر یو ندی کے پانی میں اضافے سے متاثرہ گاؤں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔

بلیا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، ہلڈی تھانہ علاقہ کے مغرب ٹولا ہلڈی گاؤں میں سیلابی پانی میں نہاتے ہوئے 11 سالہ یوراج گپتا ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ اس کی لاش غوطہ خوروں اور پولیس کی مدد سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی۔ ضلع انتظامیہ کے سیلاب کنٹرول روم کے مطابق، جمعرات کی صبح آٹھ بجے گنگا ندی کی سطح 59.86 میٹر ریکارڈ کی گئی، جو خطرے کے نشان سے 2.25 میٹر زیادہ ہے۔

سر یو ندی تُرتی پار مقام پر خطرے کے نشان سے 14 سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے۔ بلیا ضلع میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے بلیا صدر اور بیریا تحصیلیں ہیں۔ بیریا میں 17 ریونیو گاؤں کی تقریباً 25 ہزار آبادی متاثر ہے، جبکہ صدر تحصیل کے 58 گاؤں اور بلدیہ کے پانچ وارڈ متاثر ہیں۔ وارانسی میں اگرچہ گنگا کی سطح گھٹ رہی ہے، مگر اب بھی 28 وارڈ متاثر ہیں۔

بدھ کو میئر اشوک تیواری اور ضلع مجسٹریٹ ستیندر کمار نے متاثرہ علاقوں کا موٹر بوٹ سے دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ان افسران نے کاشی انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں جاکر بھی حالات کا جائزہ لیا اور کنٹرول روم عملے کو ہدایت دی کہ وہ مکمل چوکسی کے ساتھ 24 گھنٹے نگرانی کریں۔ کوشامبی میں بھی گنگا اور یمنا کے پانی میں اضافے سے کچھ گاؤں جانے کے راستے بند ہو گئے ہیں۔

ضلع انتظامیہ نے آمد و رفت کے لیے ناؤ کا انتظام کیا ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ (چائل) آکاش سنگھ نے بتایا کہ کٹیا اور بڑھہری گاؤں کے راستے بند ہو گئے ہیں، اس لیے ناؤ کا انتظام کیا گیا ہے۔ سیلاب چوکیوں پر اینٹی وینم انجکشن اور دیگر ابتدائی طبی امداد کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ اسی طرح، منجھن پور تحصیل کے پبھوسا، چک پِنہا، بھونسوری، ملہی پور اور سنگھول گاؤں کے راستے بھی زیر آب آ گئے ہیں، جن کے لیے انتظامیہ نے ناؤ فراہم کی ہے۔