اتر پردیش: رکنِ پارلیمان ضیاء الرحمٰن برق پر ایک لاکھ پینتیس ہزار روپے کا جرمانہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-08-2025
اتر پردیش: رکنِ پارلیمان ضیاء الرحمٰن برق پر ایک لاکھ پینتیس ہزار روپے کا جرمانہ
اتر پردیش: رکنِ پارلیمان ضیاء الرحمٰن برق پر ایک لاکھ پینتیس ہزار روپے کا جرمانہ

 



سنبھل: اتر پردیش کے سنبھل سے سماج وادی پارٹی (سپا) کے رکنِ پارلیمان ضیاء الرحمٰن برق پر نقشہ منظور کرائے بغیر اپنے مکان کی تعمیر کرنے پر ایک لاکھ پینتیس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ برق پر دیپا سرائے علاقے میں بغیر نقشہ پاس کرائے مکان کی تعمیر کا الزام ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ سال پانچ دسمبر کو ریگولیٹڈ ایریا کے نائب ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے برق کو نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں سپا کے رکنِ پارلیمان کو مسلسل نوٹس دیے گئے اور کئی تاریخیں مقرر کی گئیں۔ آخرکار 28 جولائی کو نائب ضلع مجسٹریٹ کی عدالت نے 11 اگست کو فیصلہ سنانے کی بات کہی تھی۔ عدالت نے رکنِ پارلیمان ضیاء الرحمٰن برق کی جانب سے بغیر نقشہ پاس کرائے مکان تعمیر کرنے پر ان پر ایک لاکھ پینتیس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

اس معاملے میں فیصلہ سنانے والے نائب ضلع مجسٹریٹ وکاس چندر نے بتایا کہ رکنِ پارلیمان کی طرف سے پیش کیے گئے ترمیم شدہ نقشے کو قبول کرتے ہوئے پانچ ہزار سات سو سات روپے بطور شمن فیس جمع کرائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ان پر ایک لاکھ پینتیس ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

مزید برآں ایک میٹر لمبے اور 14 میٹر چوڑے ایک حصے میں ہوئی تعمیر کو ہٹانے کے لیے 30 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ اگر رکنِ پارلیمان اسے نہیں ہٹواتے تو قاعدے کے مطابق کارروائی کر کے اسے ہٹا دیا جائے گا۔ نائب ضلع مجسٹریٹ نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں بتایا کہ جرمانے کی یہ رقم جتنی جلد ممکن ہو جمع کرانی ہوگی۔