یوپی: کوویڈ کیسز میں کمی،رات کا کرفیو ختم

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 19-02-2022
یوپی: کوویڈ کیسز میں کمی،رات کا کرفیو ختم
یوپی: کوویڈ کیسز میں کمی،رات کا کرفیو ختم

 

 

آواز دی وائس،لکھنو

ریاست اتر پردیش حکومت نے کورونا کے کیسز کم ہوتے ہی رات کے کرفیو کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔ اب کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

گذشتہ سال 25 دسمبر 2021 کو حکومت نے کورونا کی تیسری لہر شروع ہونے پر رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا۔ تاہم 13 فروری2022 سے کرفیو میں ایک گھنٹے کی نرمی کی گئی۔

ایڈیشنل چیف سکریٹری ہوم اونیش اوستھی نے کہا کہ اب ریاست میں رات گیارہ بجے سے صبح پانچ بجے تک کا نائٹ کرفیو ختم کردیا گیا ہے۔ اس ہدایت کا اطلاق آج رات سے ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی چیف سکریٹری درگا شنکر مشرا نے تمام دفاتر کو پہلے کی طرح 100 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولنے کی ہدایت دی ہے۔

اب شادی میں مہمانوں کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ ایک روز قبل 844 کورونا کیسز سامنے آئے تھے۔ یوپی میں کورونا کے معاملے مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ جمعہ کو 24 گھنٹوں میں 844 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس کے علاوہ 1647 کورونا مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ ریاست میں اب کورونا کے 8683 فعال مریض ہیں۔

 اسکول، جم، ریستوراں، ہوٹل اور سنیما ہال 6 دن پہلے ہی کھولے جا چکے ہیں۔ تمام سکول 14 فروری سے کھول دیے گئے۔

تاہم طلباء اور اسکول انتظامیہ کو کورونا قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی ریستوران، ہوٹل، سنیما ہال کے ساتھ ساتھ جم سنٹرز کو بھی پہلے کی طرح پوری صلاحیت کے ساتھ کھولنے کی ہدایات دی گئیں۔