اتر پردیش : لاپتہ افراد کی تلاش میں افسران کی سستی پر ہائی کورٹ کا سخت رخ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-02-2026
اتر پردیش : لاپتہ افراد کی تلاش میں افسران کی سستی پر ہائی کورٹ کا سخت رخ
اتر پردیش : لاپتہ افراد کی تلاش میں افسران کی سستی پر ہائی کورٹ کا سخت رخ

 



پریاگ راج: اتر پردیش میں لاپتہ افراد کی تلاش کے معاملے میں سرکاری افسران کے سست رویے پر الہٰ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد ریاست کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) سے ذاتی حلف نامے کے ذریعے جواب طلب کیا ہے۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ اگلی سماعت پر یہ دونوں اعلیٰ افسران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ ان سے پوچھا جائے گا کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کون سا طریقۂ کار اپنایا جاتا ہے اور گزشتہ دو برسوں میں تقریباً ایک لاکھ لاپتا افراد کو تلاش کرنے میں ناکامی کی وجوہات کیا ہیں۔

عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر اس حوالے سے کوئی باقاعدہ نظام یا طریقۂ کار موجود نہیں ہے تو اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (SOP) تیار کیا جائے۔ جسٹس راجن رائے اور جسٹس ابدھیش کمار چودھری پر مشتمل ڈویژن بنچ نے جمعرات کو یہ حکم دارالحکومت لکھنؤ کے علاقے چنہٹ کے رہائشی وکرمہ پرساد کی درخواست پر دیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے اپیل کی تھی کہ پولیس کو ہدایت دی جائے کہ وہ اس کے 32 سالہ بیٹے کو تلاش کرے جو جولائی 2024 میں لاپتا ہو گیا تھا۔ اس سے قبل 29 جنوری کو ہائی کورٹ کے حکم پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) کی جانب سے داخل کردہ حلف نامے میں بتایا گیا تھا کہ یکم جنوری 2024 سے 18 جنوری 2026 کے درمیان اتر پردیش میں تقریباً 1 لاکھ 8 ہزار 300 لاپتا افراد کی شکایات درج ہوئیں۔

حلف نامے کے مطابق، ان میں سے صرف 9 ہزار لاپتا افراد کی تلاش کے لیے عملی کارروائی شروع کی گئی، جبکہ باقی مقدمات میں مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ عدالت نے اس صورتِ حال کو انتہائی حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کی تلاش کا یہ مسئلہ عوامی مفاد سے جڑا ہوا ہے۔ عدالت نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسے “In Re: Missing Persons in the State” کے عنوان سے ازخود دائر کی گئی مفادِ عامہ کی عرضی (PIL) کے طور پر درج کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ اس معاملے کو 5 فروری کو سماعت کے لیے مناسب ڈویژن بنچ کے سامنے فہرست بند کیا جائے۔