لکھنؤ:اتر پردیش کے وزیرِ خزانہ سریش کھنہ نے بدھ کے روز ریاستی اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کے لیے 9.13 لاکھ کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 12.2 فیصد زیادہ ہے۔ ایوان میں بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ریاستی حکومت مالیاتی نظم و نسق اور قرضوں پر قابو پانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ اسے اگلے سال کے اوائل میں متوقع اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست کی 18ویں اسمبلی کا آخری مکمل بجٹ سمجھا جا رہا ہے۔ اس بجٹ میں روزگار، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور طبی و صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
سریش کمار کھنہ نے صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے لیے 9.13 لاکھ کروڑ روپے کا بجٹ گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 12.2 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں سرمایہ جاتی اخراجات (کیپیٹل ایکسپنڈیچر) کا حصہ 19.5 فیصد ہے۔ 16ویں مرکزی مالیاتی کمیشن کی سفارشات کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے مالیاتی خسارے کی حد تین فیصد مقرر کی گئی ہے، جو 2030-31 تک نافذ العمل رہے گی۔
اہم شعبوں کے لیے مختص رقوم کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ تعلیم کے لیے کل بجٹ کا 12.4 فیصد جبکہ صحت کے لیے چھ فیصد مختص کیا گیا ہے۔ زراعت اور اس سے متعلقہ خدمات کے لیے نو فیصد رقم رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے دورِ حکومت کے پہلے دن سے ریاست کے ہر طبقے اور ہر علاقے کی ترقی کے لیے مسلسل محنت کی ہے۔
قانون و انتظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پولیس کو زیادہ بااختیار اور مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس کے غیر رہائشی عمارتوں کی تعمیر کے لیے تقریباً 1374 کروڑ روپے اور رہائشی عمارتوں کے لیے 1243 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ طبی تعلیم کے لیے 14,997 کروڑ روپے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس وقت ریاست میں 81 میڈیکل کالج ہیں، جن میں سے 45 سرکاری جبکہ 36 نجی شعبے کے تحت چل رہے ہیں۔
مزید 14 نئے میڈیکل کالج قائم کرنے کے لیے 1023 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ کینسر انسٹی ٹیوٹ لکھنؤ کے لیے 315 کروڑ روپے اور لاعلاج بیماریوں کے مفت علاج کے لیے 130 کروڑ روپے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ طبی، صحت اور خاندانی بہبود کے شعبے کے لیے 37,956 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو مالی سال 2025-26 کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔
نیشنل رورل ہیلتھ مشن کے لیے تقریباً 8641 کروڑ روپے اور آیوشمان بھارت نیشنل ہیلتھ پروٹیکشن اسکیم کے لیے 2000 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ آیوش خدمات کے لیے تقریباً 2867 کروڑ روپے کی تجویز دی گئی ہے۔ بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کے لیے 27,103 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ صنعتی علاقہ توسیع اور نئے صنعتی علاقوں کی حوصلہ افزائی کی اسکیم کے لیے 5000 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
سوامی وویکانند یوا سشکتیکرن یوجنا کے تحت ٹیبلٹ اور اسمارٹ فون کی تقسیم جاری ہے، جس کے لیے 2374 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اٹل انفراسٹرکچر مشن کے تحت 2000 کروڑ روپے کی تجویز ہے۔ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور فارچیون 500 کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے لیے 2023 میں اعلان کردہ ترغیبی پالیسی کے نفاذ کے لیے 1000 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
ڈفنس انڈسٹریل کوریڈور منصوبے کے تحت اب تک 200 دفاعی صنعتوں کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں، جن میں 35,280 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور 53,263 افراد کو براہِ راست روزگار ملنے کا اندازہ ہے۔ ایم ایس ایم ای (چھوٹے، متوسط اور خرد صنعتوں) کے لیے 3822 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں۔
سر دار ولبھ بھائی پٹیل روزگار و صنعتی علاقہ اسکیم کے لیے 575 کروڑ روپے کی تجویز دی گئی ہے۔ نئی اسکیم "ایک ضلع، ایک پکوان" کے لیے 75 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ہتھ کرگھا اور ٹیکسٹائل صنعت کے لیے تقریباً 541 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ہیں۔ مالی سال 2026-27 میں ٹیکسٹائل شعبے میں 30 ہزار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
گورکھپور میں کمبل پروڈکشن سینٹر کی جدیدکاری کے لیے 7 کروڑ 50 لاکھ روپے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئی ٹی اور الیکٹرانکس کی اسکیموں کے لیے 2059 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 76 فیصد زیادہ ہیں۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فروغ کے لیے اتر پردیش اے آئی مشن شروع کیا جا رہا ہے، جس کے لیے 225 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔