عثمان ہادی قتل کیس: عدالت نے ملزمین کو 11 دن کی این آئی اے حراست میں بھیجیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-03-2026
عثمان ہادی قتل کیس: عدالت نے ملزمین کو 11 دن کی این آئی اے حراست میں بھیجیا
عثمان ہادی قتل کیس: عدالت نے ملزمین کو 11 دن کی این آئی اے حراست میں بھیجیا

 



نئی دہلی
دہلی کی ایک عدالت نے بنگلہ دیش کے سیاسی کارکن عثمان ہادی کے قتل کے دو ملزمان کو 11 دن کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی حراست میں بھیج دیا ہے۔ عثمان ہادی کی دن دہاڑے ہونے والی ہلاکت کے بعد پڑوسی ملک میں بڑے پیمانے پر تشدد بھڑک اٹھا تھا۔ دونوں ملزمان—بنگلہ دیشی شہری فیصل کریم مسعود عرف راہول (37) اور عالمگیر حسین (34)—پٹواخالی اور ڈھاکہ کے رہنے والے ہیں۔ انہیں مغربی بنگال کے اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے 7 اور 8 مارچ کی درمیانی رات شمالی 24 پرگنہ ضلع کے سرحدی شہر بنگاؤں سے گرفتار کیا تھا۔
این آئی اے نے 23 مارچ کی شام انہیں ٹرانزٹ ریمانڈ پر قومی دارالحکومت دہلی لایا اور اگلے دن عدالت میں پیش کیا گیا۔ منگل کو سماعت کے دوران خصوصی سرکاری وکیل راہل تیاگی نے ملزمان کی این آئی اے حراست کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پوری سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے تفصیلی تفتیش ضروری ہے۔
ایجنسی کی اس اپیل کو قبول کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج پرشانت شرما نے دونوں ملزمان کو 11 دن کی این آئی اے حراست میں بھیج دیا۔ اس سے قبل ایس ٹی ایف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں قابلِ اعتماد اطلاع ملی تھی کہ دو بنگلہ دیشی شہری، وہاں رنگداری اور قتل جیسے سنگین جرائم انجام دینے کے بعد فرار ہو کر غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق یہ دونوں ملزمان میگھالیہ سرحد کے راستے ہندوستانی علاقے میں داخل ہوئے اور مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے آخرکار بنگاؤں پہنچے، جہاں وہ موقع ملتے ہی واپس بنگلہ دیش جانے کے ارادے سے پناہ لینے کی کوشش کر رہے تھے۔
ایس ٹی ایف کے مطابق عثمان ہادی کے قتل میں ملوث ان دونوں افراد کو ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ بنگلہ دیش کے طلبہ رہنما اور ’انقلاب منچ‘ کے ترجمان عثمان ہادی کو 12 دسمبر 2025 کو ڈھاکہ میں گولی مار دی گئی تھی۔ بہتر علاج کے لیے انہیں سنگاپور منتقل کیا گیا، جہاں 18 دسمبر کو ان کا انتقال ہو گیا۔