سیاسی ومذہبی مقاصد سے قومی پرچم کا استعمال؟ سپریم کورٹ کرے گا سماعت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-07-2025
سیاسی ومذہبی مقاصد سے قومی پرچم کا استعمال؟ سپریم کورٹ کرے گا سماعت
سیاسی ومذہبی مقاصد سے قومی پرچم کا استعمال؟ سپریم کورٹ کرے گا سماعت

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ 14 جولائی کو اُس عرضی پر سماعت کرے گا، جس میں مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کو یہ ہدایت دینے کی درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا مذہبی تنظیم کی جانب سے قومی پرچم کے "سیاسی یا مذہبی مقاصد" کے لیے استعمال پر مؤثر روک لگانے کے اقدامات کیے جائیں۔

عرضی میں متعلقہ حکام کو قومی وقار کی توہین سے بچاؤ کے ایکٹ 1971 اور بھارتی پرچم ضابطہ 2002 کے التزامات کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت دینے کی بھی اپیل کی گئی ہے، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ قومی پرچم کا مکمل احترام کیا جائے۔ چیف جسٹس بی آر گوائی، جسٹس کے. ونود چندرن اور جسٹس این وی انجاریا پر مشتمل بنچ اس عرضی پر سماعت کرے گی۔

عرضی میں ایک اور مطالبہ یہ کیا گیا ہے: حکومت ہند اور الیکشن کمیشن سمیت تمام مدعا علیہان کو ایک مناسب حکم یا ہدایت جاری کی جائے تاکہ کسی بھی سیاسی یا مذہبی تنظیم کو قومی پرچم کو سیاسی یا مذہبی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے روکا جا سکے۔

اس میں پارٹی کا لوگو، مذہبی علامتیں یا کسی بھی قسم کی تحریر کو قومی پرچم پر لگانا بھی شامل ہے۔ یہ معاملہ قومی پرچم کے وقار اور اس کی غیر سیاسی و غیر مذہبی حیثیت کو محفوظ رکھنے سے متعلق ہے، جس پر عدالت عظمیٰ کی جانب سے اہم فیصلہ متوقع ہے۔