امریکی محصولات کا ہندوستانی معیشت پر اثر پڑے گا: موڈیز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2025
امریکی محصولات کا ہندوستانی معیشت پر اثر پڑے گا: موڈیز
امریکی محصولات کا ہندوستانی معیشت پر اثر پڑے گا: موڈیز

 



نئی دہلی: امریکی ٹیرف (محصولات) ہندوستانی معیشت کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ بن کر سامنے آ رہے ہیں۔ ان کی وجہ سے نہ صرف مینوفیکچرنگ متاثر ہوگی بلکہ برآمدات سے لے کر ہر شعبے پر اس کے اثرات کی آہٹ سنائی دینے لگی ہے۔

ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے جمعہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ 27 اگست سے ہندوستانی برآمدات پر کل 50 فیصد درآمدی محصول نافذ کر دیتا ہے، تو مالی سال 2025-26 میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح گھٹ کر 6 فیصد رہ جائے گی۔ یہ موجودہ مالی سال کے لیے متوقع 6.3 فیصد شرح نمو سے 0.3 فیصد پوائنٹس کم ہوگا۔

تاہم، ریٹنگ ایجنسی نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کی مضبوط گھریلو مانگ اور خدمات کے شعبے کی طاقت امریکی ٹیرف کے دباؤ کو کسی حد تک کم کرنے میں کامیاب ہوگی۔ ساتھ ہی موڈیز نے کہا کہ ان بلند امریکی محصولات پر ہندوستان کا ردعمل ہی طے کرے گا کہ ان کا اثر ہندوستان کی معاشی ترقی، مہنگائی اور بیرونی پوزیشن (external position) پر کتنا ہوگا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 6 اگست کو ہندوستانی درآمدات پر اضافی 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا۔

اس کے بعد 27 اگست سے ہندوستانی مصنوعات پر کل ٹیرف بڑھ کر 50 فیصد ہو جائے گا۔ موڈیز کے مطابق، ہندوستانی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف ایشیا پیسیفک کے دیگر ممالک پر عائد 15-20 فیصد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ طویل مدت میں اس کا اثر ہندوستان کے مینوفیکچرنگ سیکٹر، خاص طور پر الیکٹرانکس جیسے ویلیو ایڈڈ شعبوں کی ترقیاتی منصوبہ بندی پر پڑ سکتا ہے۔

ایجنسی نے مزید کہا کہ ہندوستان کے پاس بیرونی غیر یقینی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کافی غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں، اور حکومت ممکنہ طور پر آہستہ آہستہ مالیاتی خسارے اور قرض پر اپنی توجہ مرکوز رکھے گی۔

موڈیز کے مطابق، سال 2022 سے ہندوستان نے روس سے سستا خام تیل درآمد کیا ہے، جس سے مہنگائی اور جاری کھاتے کے خسارے پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ سال 2024 میں روس سے ہندوستان کا تیل درآمد 56.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ 2021 میں یہ صرف 2.8 ارب ڈالر تھا۔