نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر اور رکنِ پارلیمان اسد الدین اویسی نے امریکہ کی جانب سے ہندوستانی درآمدات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف (محصول) عائد کیے جانے پر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اویسی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا:ٹرمپ نے ہندوستان پر 25 فیصد اضافی ٹیرف لگا دیا ہے، جس سے مجموعی ٹیرف 50 فیصد ہو گیا، کیونکہ ہم نے روس سے تیل خریدا تھا۔
یہ سفارت کاری نہیں بلکہ ایک مسخرے کی دھونس ہے، جو صاف طور پر یہ نہیں سمجھتا کہ عالمی تجارت کیسے کام کرتی ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹیرف ہندوستانی برآمد کنندگان، MSMEs (چھوٹے اور درمیانے درجے کے ادارے) اور صنعت کاروں کو نقصان پہنچائیں گے۔
اس سے سپلائی چین متاثر ہو گی، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) رُکے گی اور روزگار پر زبردست اثر پڑے گا۔ مگر نریندر مودی کو اس کی کیا پرواہ؟ اویسی نے طنزیہ انداز میں پوچھااب وہ بھاجپائی باہوبلی کہاں ہیں؟ پچھلی بار میں نے پوچھا تھا کہ کیا مودی جی اپنا 56 انچ کا سینہ تب دکھائیں گے جب ٹرمپ 56 فیصد ٹیرف لگائیں گے؟ ٹرمپ تو 50 فیصد پر ہی رک گئے۔
شاید وہ ہمارے غیر حیاتیاتی وزیراعظم (non-biological PM) سے ڈر گئے؟کیا آپ نے اپنی اسٹریٹجک خودمختاری اس قابل سمجھی کہ اپنے دوستوں کے ارب پتی خزانے بھر دیں؟ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستانی درآمدات پر لگائے گئے 25 فیصد ٹیرف کا پہلا مرحلہ جمعرات، 7 اگست 2025 سے نافذ ہو گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ ہندوستان کو 25 فیصد درآمدی محصول ادا کرنا ہوگا۔ اس کے بعد صدر ٹرمپ نے ایک سرکاری حکم نامہ جاری کیا، جس میں تقریباً 70 ممالک سے درآمدات پر مختلف شرحوں سے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ہندوستان پر ابتدائی 25 فیصد ٹیرف کے بعد، بدھ کے روز ٹرمپ نے ایک مزید 25 فیصد جوابی ٹیرف کا اعلان کیا، جس کی وجہ روس سے ہندوستان کی تیل کی خریداری بتائی گئی۔
اس کے ساتھ ہی مجموعی ٹیرف 50 فیصد ہو گیا — جو امریکہ کی طرف سے کسی بھی ملک پر عائد کردہ سب سے زیادہ محصولات میں سے ایک ہے۔ یہ اضافی ٹیرف 21 دن بعد یعنی 27 اگست 2025 سے نافذ العمل ہو گا۔ اویسی کے اس بیان نے نہ صرف حکومت کی خارجہ پالیسی پر سوال اٹھایا بلکہ ہندوستانی معیشت کے لیے پیدا شدہ نئے چیلنجوں کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی ہے۔