عرس اجمیر:تقریب جاری، زائرین کے ہجوم میں اضافہ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-01-2025
عرس اجمیر:تقریب جاری، زائرین کے ہجوم میں اضافہ
عرس اجمیر:تقریب جاری، زائرین کے ہجوم میں اضافہ

 



اجمیر : اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین چشتی کے عر س کا آغاز ہوچکا ہے اور دن بہ دن زائرین کی بھیڑ بڑھتی جارہی ہے۔پورے ہندوستان سے لوگ پہنچ رہے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ عرس کی رسمیں بھی ہورہی ہیں۔ یہاں ساری دنیا سے خواجہ کے عقیدت مند حاضری دینے آتے ہیں۔یہ عرس دنیا بھر میں ایک مشہور مذہبی تقریب کے طور پر مشہور ہے۔

راجستھان کے اجمیر کے خواجہ معین الدین حسن چشتی کا 813 واں عرس بدھ کو رجب (اسلامی مہینے) کا چاند نظر آنے کے بعد شروع ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ ہی عرس کی مذہبی رسومات بھی شروع ہوگئی ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ درگاہ شریف اجمیر کو 13ویں صدی کے صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتی کی آخری آرام گاہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ ہندوستان کے مقدس ترین مذہبی مقامات میں سے ایک ہے۔ اجمیر شریف درگاہ میں صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتی کا مقبرہ ہے۔ انہیں خواجہ غریب نواز کے لقب سے بھی جانا جاتا ہے۔

معین الدین چشتی ایک باکرامت اور ہمدرد روحانی مبلغ تھے۔ اجمیر شریف کی درگاہ صدیوں سے ایک عقیدت کی جگہ رہی ہے، جو ہندوؤں اور مسلمانوں دونوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ عرس شریف کا تہوار ہر سال راجستھان کے اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر منایا جاتا ہے۔ خواجہ معین الدین چشتی کی برسی کو عرس کہا جاتا ہے۔ یہ ایک اہم مذہبی تقریب ہے جو بڑی تعداد میں زائرین کو راغب کرتی ہے۔ عرس چھ دن تک جاری رہتا ہے اور اس میں مختلف رسومات اور روحانی تقریبات شامل ہوتی ہیں۔

عرس ہر سال اسلامی کیلنڈر رجب میں اجمیر شریف میں منایا جاتا ہے۔ چاند نظر آنے کے بعد ہی عرس شروع ہوتا ہے۔ اگر کسی وجہ سے چاند نظر نہ آئے تو اگلے دن سے چھ روز تک عرس کی رسومات شروع ہو جاتی ہیں۔ چھٹے دن کو عرس چھٹھی شریف کہتے ہیں۔ اس سال 813 واں عرس ، 31 دسمبر 2024 کوشروع ہوا ہے۔ عرس کے دوران درگاہ کے احاطے میں رات بھر ذکر اور قوالی ہوتی ہے۔

اس دوران ملک اور دنیا بھر سے لاکھوں عقیدت مند اجمیر پہنچتے ہیں۔ 27 دسمبر 2024 کو اجمیر درگاہ پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ 29 دسمبر کو خواجہ غریب نواز کی قبر سے سالانہ صندل اتاری گئی۔ خواجہ غریب نواز کے عرس کا آغاز 31 دسمبر 2024 کو رجب کا چاند نظر آنے سے ہوا۔ رجب کا چاند نظر آنے پر درگاہ کا جنتی دروازہ بھی عام زائرین کے لیے کھول دیا گیا۔ اجمیر عرس 7 جنوری 2025 کو ختم ہوگا۔ نماز جمعہ 4 جنوری کو ادا کی جائے گی۔

عرس میں پرچم کشائی کی رسم بہت پرانی ہے۔ یہ روایت 1928ء میں پشاور کے حضرت سید عبدالستار بادشاہ جان رحمتہ اللہ علیہ نے شروع کی۔ اس کے بعد بھلواڑہ کے لال محمد غوری کے خاندان نے 1944-1991 تک اس روایت پر عمل کیا۔ اس کے بعد 2006 تک معین الدین غوری نے پرچم لہرایا اور اب فخرالدین غوری اپنے اسلاف کی اس روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

چادر چڑھانے کے دوران صوفی کلام پڑھاجاتا ہے اور 25 توپوں کی سلامی دی جاتی ہے۔ جھنڈے کے ساتھ ساتھ قبر میں چادر چڑھانے کی بھی رسم ہے۔ خواجہ کے لیے چادریں مختلف ممالک سے آتی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی بھی پچھلے 10 سالوں سے اجمیر میں چادر بھیج رہے ہیں۔ وزیر اعظم کی طرف سے اجمیر میں چادر بھیجنے کا سلسلہ 1947 سے جاری ہے، جس میں ملک کی سلامتی اور بھائی چارے کے لیے دعائیں کی جاتی ہیں۔