یو پی: نبیؐ کے بارے میں تبصرے پر ہنگامہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-09-2025
یو پی: نبیؐ کے بارے میں تبصرے پر ہنگامہ
یو پی: نبیؐ کے بارے میں تبصرے پر ہنگامہ

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش کے شاہجہانپور میں جمعہ کی شام پیغمبر محمد ﷺ پر قابلِ اعتراض تبصرے کے بعد ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ سیکڑوں کی تعداد میں لوگ تھانے کے باہر جمع ہو گئے۔ "اللہ اکبر" جیسے مذہبی نعرے لگائے اور احتجاج کرنے لگے۔ ہجوم نے مطالبہ کیا کہ قابلِ اعتراض تبصرہ کرنے والے ملزم کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار بھی کر لیا، لیکن اس کے باوجود لوگ پرسکون نہیں ہوئے۔
پولیس نے مشتعل ہجوم کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن لوگ ماننے کو تیار نہیں تھے۔ جب حالات بگڑنے لگے تو پولیس نے لاٹھیاں زمین پر مار کر لوگوں کو منتشر کیا۔ اس کے بعد موقع پر بھگدڑ مچ گئی، لوگ ادھر اُدھر بھاگنے لگے اور ان کی چپلیں سڑک پر رہ گئیں۔ بڑی مشکل سے پولیس نے حالات پر قابو پایا۔ تقریباً تین گھنٹے تک ہنگامہ جاری رہا۔ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے سات تھانوں کی فورس اور کیو آر ٹی کے ساتھ ڈی ایم اور ایس پی نے فلیگ مارچ کیا۔
یہ معاملہ صدر کوتوالی علاقے کا ہے۔ عیدگاہ کمیٹی کے رکن قاسم رضا نے بتایا کہ آج شام ساڑھے چھ بجے کے قریب کے کے دکشت نامی شخص نے پیغمبر ﷺ اور قرآن کے بارے میں نازیبا تبصرہ کیا۔ ملزم بہادرن کا رہائشی ہے۔
رضا نے کہا کہ سوشل میڈیا پوسٹ میں ملزم نے گالیاں دی تھیں۔ اس کے بعد ہم نے کپتان کو پورا معاملہ بتایا۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ شکایت پر پولیس نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے۔ میری انتظامیہ سے گزارش ہے کہ ایسے لوگوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
قاسم رضا نے مزید کہا کہ ملزم کے رویے پر لوگوں میں سخت غصہ تھا۔ اسی وجہ سے ہجوم بے قابو ہو گیا۔ ہجوم میں کچھ شرپسند عناصر بھی شامل تھے جنہوں نے ماحول خراب کیا اور بلاوجہ نعرے بازی کی، جبکہ پولیس اپنا کام کر رہی تھی۔ میں لوگوں سے امن قائم رکھنے کی اپیل کرتا ہوں۔ جتنا غصہ عوام میں ہے اتنا ہی مجھ میں بھی ہے، لیکن ہم قانون ہاتھ میں نہیں لیتے۔ پولیس نے حالات کو سنبھال لیا ہے۔
اسی دوران ایس پی راجیش دویویدی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر نازیبا تبصرے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کیس درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ عوام سے اپیل ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور امن قائم رکھیں۔ پولیس نے حالات کو قابو میں کر لیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ دھرمیندر پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کچھ لوگ ایسے ماحول میں فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ عوام سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی ہے۔ پتھراؤ کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ کچھ لوگ ابھی بھی سڑک پر بیٹھے ہیں، انہیں سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔