لوک سبھا میں ہنگامہ، اجلاس ملتوی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-08-2025
لوک سبھا میں ہنگامہ، اجلاس ملتوی
لوک سبھا میں ہنگامہ، اجلاس ملتوی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
لوک سبھا میں پیر کو بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی گہن جائزہ  سمیت کچھ معاملات پر اپوزیشن اراکین کے ہنگامے کی وجہ سے کارروائی شروع ہونے کے تقریباً 15 منٹ بعد دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی اور اسپیکر اوم برلا نے نعرے بازی کر رہے اراکین کو سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچانے کی تنبیہ کی۔
ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی لوک سبھا اسپیکر برلا نے سوالیہ وقفہ شروع کرایا۔ اسی دوران کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین ایس آئی آر کے مسئلے پر نعرے بازی کرنے لگے۔
برلا نے کچھ دیر تک شور شرابے کے باوجود سوالیہ وقفہ چلانے کی کوشش کی اور ماحولیات کے وزیر بھوپندر یادو، تعلیم کے مملکتی وزیر جینت چوہدری اور کارپوریٹ امور کے مملکتی وزیر ہرش ملہوترا نے چند اراکین کے ضمنی سوالات کے جواب دیے۔
لوک سبھا اسپیکر نے ہنگامہ کر رہے اراکین سے اپنی نشستوں پر جا کر بیٹھنے اور سوالیہ وقفہ چلنے دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے اپوزیشن کے ممبران سے کہا  كہ یہ سوالیہ وقفہ ہے۔ جتنے زور سے آپ نعرے لگا رہے ہیں، اتنی ہی محنت اگر سوال پوچھنے میں کریں گے تو ملک کی عوام کا بھلا ہوگا۔
برلا نے احتجاج کر رہے ممبران پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا كہ آپ کو عوام نے سرکاری املاک توڑنے کے لیے نہیں بھیجا ہے۔ میں وارننگ دے رہا ہوں کہ کسی بھی رکن کو یہ خصوصی حق نہیں ہے کہ وہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے۔
انہوں نے اپوزیشن ممبران کو خبردار کیا كہ اگر آپ نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو مجھے کچھ فیصلہ کن قدم اٹھانے پڑیں گے اور ملک کی عوام یہ سب دیکھ رہی ہوگی۔ کئی اسمبلیوں کے اندر اس طرح کے واقعات پر اراکین کے خلاف کارروائی ہوئی ہے۔ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کریں۔
اس کے بعد تقریباً 11:15 بجے ایوان کی کارروائی کو دوپہر 12 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔