لکھنؤ: اتر پردیش حکومت نے گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران دہشت گرد تنظیموں کے 142 سلیپنگ سیلز (یعنی دہشت گردوں کے مقامی مددگاروں) کو گرفتار کیا اور ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا ہے۔ پیر کو جاری ایک سرکاری بیان میں یہ معلومات فراہم کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں ریاستی حکومت نے صرف جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی ہی نہیں کی، بلکہ دہشت گرد تنظیموں کے سلیپنگ سیلز، غیر سماجی عناصر اور ان کے مالی تعاون کے نیٹ ورک کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
یہ اقدامات ہندوستان کی جانب سے جاری ’’آپریشن سندور‘‘ کے تحت کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔ بیان کے مطابق، پچھلے آٹھ سالوں میں یوگی حکومت نے ایک طرف جہاں 230 خطرناک مجرموں کو انکاؤنٹر میں مار گرایا، وہیں 142 افراد کو دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ ہونے، پناہ دینے یا خفیہ معلومات فراہم کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔
ان میں سے 131 افراد ایسے تھے جو دہشت گردوں کو مقامی مدد فراہم کرتے تھے، جبکہ ایک دہشت گرد کو انکاؤنٹر میں ہلاک کیا گیا۔ اس کے علاوہ، دہشت گردی کے مالی معاونت فراہم کرنے والے 11 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے 2017 میں وزارتِ اعلیٰ سنبھالتے ہی ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی نافذ کرتے ہوئے نہ صرف مجرمانہ سرگرمیوں بلکہ دہشت گردی، اس کی مالی معاونت اور غیر قانونی گھسپیٹھ پر بھی سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔
بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی قیادت اتر پردیش اے ٹی ایس (انسداد دہشت گردی اسکواڈ) نے کی۔ گرفتار شدگان کا تعلق مختلف تنظیموں جیسے داعش ، نکسل وادی گروہوں، اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا وغیرہ سے تھا۔ اس کے علاوہ، ریاست میں جعلی کرنسی کے 41 معاملات میں گرفتاریاں ہوئیں اور 47.03 لاکھ روپے کی جعلی کرنسی برآمد کی گئی۔ ایودھیا میں رام مندر کے حوالے سے مذہبی اشتعال پھیلانے کی کوششوں پر بھی سخت کارروائی کی گئی اور ایسے ایک کیس میں اے ٹی ایس نے گرفتاری عمل میں لائی۔
بیان کے مطابق، ریاست میں غیر قانونی طور پر رہنے والے روہنگیا اور بنگلہ دیشی شہریوں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور اب تک 173 ایسے افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جو ممکنہ طور پر ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ، مذہب کی جبری تبدیلی سے جڑے نیٹ ورکس (سندیکیٹس) کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے، جن میں 20 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مزید یہ کہ، سائبر دھوکہ دہی کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے 19 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 4 چینی اور 15 ہندوستانی شہری شامل ہیں۔