یوپی:تربیتی طیارہ گرکر تباہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-01-2026
یوپی:تربیتی طیارہ گرکر تباہ
یوپی:تربیتی طیارہ گرکر تباہ

 



پریاگ راج: اتر پردیش کے پریاگ راج شہر کے سول لائنز علاقے میں کے پی کالج کے قریب ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا۔ میڈیکل چوراہے کے نزدیک واقع ایک تالاب میں ایک تربیتی طیارہ گر گیا۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں کی مستعدی اور حاضر دماغی سے طیارے میں پھنسے دونوں پائلٹس کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ باہر نکالے گئے پائلٹس فوجی وردی میں ملبوس تھے۔ کچھ ہی دیر میں فوج کے کئی دیگر ہیلی کاپٹر بھی امدادی کارروائی کے لیے پہنچ گئے۔

کئی جوان پیراشوٹ کے ذریعے تالاب میں اترے۔ موصولہ معلومات کے مطابق یہ تربیتی طیارہ کے پی کالج کے قریب ایک تالاب میں جا گرا۔ طیارے سے زور دار آواز آنے کے بعد آس پاس کے علاقوں میں افرا تفری مچ گئی اور بڑی تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہو گئے۔ اگرچہ تالاب کی گہرائی زیادہ نہیں تھی، لیکن اس میں بڑی مقدار میں آبی پودا (جل کنبھ) موجود تھا، جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن کچھ مشکل ہو گیا۔

مقامی شہریوں نے بغیر کسی تاخیر کے امدادی کارروائی شروع کی اور طیارے میں پھنسے دونوں پائلٹس کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیاب رہے۔ دونوں پائلٹس کو کسی قسم کی سنگین چوٹ نہیں آئی، جو ایک بڑی راحت کی بات ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوج کے افسران بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انتظامی افسران بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں اور حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی سی پی منیش کمار شانڈلیہ بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔