یوپی:دینی مدرسوں میں حب الوطنی کے ساتھ پروفیشنل تعلیم:وزیراقلیتی بہبود

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 03-04-2022
یوپی:دینی مدرسوں میں حب الوطنی کے ساتھ پروفیشنل تعلیم:وزیراقلیتی بہبود
یوپی:دینی مدرسوں میں حب الوطنی کے ساتھ پروفیشنل تعلیم:وزیراقلیتی بہبود

 

 

بریلی: اتر پردیش کے دینی مدارس میں بھی قوم پرستی کا سبق پڑھایا جائے گا۔ ریاستی اقلیتی امور کے وزیر دھرم پال سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ مدرسہ کا تعلیمی نصاب نئی تعلیمی پالیسی پر مبنی ہوگا۔ اس میں قوم پرستی سے متعلق کہانیاں ہوں گی۔

دھرم پال سنگھ کے پاس حیوانات کا محکمہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوپی کی ہر میونسپلٹی میں کم از کم ایک گوشالہ ہوگا، جہاں گایوں کی دیکھ بھال کی جائے گی۔ دھرم پال سنگھ نے یہ بیان بریلی میں انڈین ویٹرنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں اپنے خطاب کے دوران دیا۔

دھرم پال سنگھ نے اس بار بریلی کی آملہ سیٹ سے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دھرم پال سنگھ نے کہا، "نئی تعلیمی پالیسی کے تحت اتر پردیش کے مدارس میں بھی قوم پرستی سے متعلق سبق پڑھایا جائے گا۔

ریاست کے مدارس میں بچوں کو قوم پرستی کی تعلیم دی جائے گی، دہشت گردوں کی بات نہیں ہوگی۔" مدارس میں پیشہ ورانہ تعلیم بھی دی جائے گی۔ یوپی کے وزیر نے کہا کہ وقف بورڈ کی وہ تمام اراضی اور جائیدادیں جن پرغیر قانونی طور پر قبضہ کیا گیا تھا، واپس لے لیا جائے گا۔ اسے اقلیتی بہبود کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

وزیر نے کہا کہ وقف کی کروڑوں روپے کی تجاوزات سے قبضہ شدہ اراضی کو بلڈوزر کے ذریعے واگزار کرایا جائے گا۔ اس زمین کو اقلیتوں کے مفاد میں واپس استعمال کیا جائے گا۔ یوگی حکومت بھی گائے کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے بہت سے قدم اٹھانے جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے مشورے پر تمام اضلاع سے کہا گیا ہے کہ وہ تجاوزات والی زمین کی نشاندہی کریں، جسے خالی کر کے گایوں کے لیے چارہ تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ہر میونسپلٹی میں کم از کم ایک گوشالہ ہوگا۔ گایوں کو آزادانہ گھومنے کے لیے نہیں چھوڑا جائے گا۔ اچھی کوالٹی کی گایوں سے زیادہ دودھ پیدا کرنے کے لیے انہیں گوشالہ میں بھی رکھا جائے گا۔

بی جے پی حکومت کے وزیر نے کہا، گائے کا پیشاب اور گوبر بھی بازار میں فروخت کیا جائے گا۔ گائے کے دودھ سے ڈیری مصنوعات بھی تیار کر کے مارکیٹ میں فروخت کی جائیں گی۔ اس سے ملنے والی رقم گائے کی دیکھ بھال پر خرچ کی جائے گی۔

آوارہ جانوروں کی وجہ سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے سوال پر وزیر نے کہا کہ کسان ۔گائے اور بھینسوں کو دودھ دینا بند کرنے کے بعد کھلے میں چھوڑ دیتے ہیں۔ ان آوارہ جانوروں کو بھی گوشالائوں میں رکھا جائے گا۔