وارانسی پہنچے مودی ،ماریشس کے ہم منصب سے ملاقات

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-09-2025
وارانسی پہنچے مودی ،ماریشس  کے ہم منصب سے ملاقات
وارانسی پہنچے مودی ،ماریشس کے ہم منصب سے ملاقات

 



وارانسی/ آواز دی وائس
وزیرِ اعظم نریندر مودی جمعرات کو ماریشس کے وزیرِ اعظم ڈاکٹر نوین چندر رامگولام کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کے لیے وارانسی پہنچے۔ اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایئرپورٹ پر وزیرِ اعظم مودی کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایئرپورٹ سے ہوٹل تاج محل تک کے راستے میں سڑک کنارے کھڑے لوگوں نے وزیرِ اعظم کے قافلے پر پھول برسائے۔ کئی خواتین کارکنان کو "وزیرِ اعظم زندہ باد" کے نعرے لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
وزیرِ اعظم مودی کے استقبال میں وارانسی کی سڑکوں پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنان نے جگہ جگہ پوسٹر لگائے۔ اس سے قبل ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیرِ اعظم مودی اور ڈاکٹر رامگولام دو طرفہ تعاون کے اہم موضوعات پر گفتگو کریں گے، جن میں ترقیاتی شراکت داری اور مہارت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنما صحت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، توانائی، بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے اور سمندری معیشت جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔
ڈاکٹر رامگولام بدھ کو وارانسی پہنچے تھے، جہاں اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیرِ خزانہ سریش کھنہ نے ان کا استقبال کیا۔ وارانسی کا یہ دورہ ماریشس کے وزیرِ اعظم کے 9 سے 16 ستمبر تک کے ہندوستان کے سرکاری دورے کا حصہ ہے۔
پروگرام کے مطابق، رامگولام جمعرات کی شام گنگا آرتی میں حصہ لیں گے اور جمعہ کی صبح کاشی وشواناتھ مندر میں درشن کریں گے۔ مہمانِ خصوصی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ عام عوام اور بی جے پی کارکنان ایئرپورٹ سے ہوٹل تاج تک پورے راستے پر استقبال کے لیے کھڑے رہے۔
ضلع مجسٹریٹ ستینڈر کمار نے صحافیوں سے کہا کہ دو طرفہ ملاقات کے بعد ماریشس کا وفد گنگا آرتی میں شرکت کرے گا اور کاشی وشواناتھ مندر جائے گا۔ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات پر مبنی ایک ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جائے گا۔
بی جے پی کے مقامی میڈیا انچارج اروند مشرا نے کہا کہ کاشی میں وزیرِ اعظم مودی کی کسی سربراہِ مملکت کے ساتھ یہ پہلی باضابطہ دو طرفہ ملاقات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ہندوستان کے آس پاس کے ممالک میں سیاسی ہلچل ہے، ہندوستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنے کی سمت میں مسلسل کام کر رہا ہے۔
مشرا نے بتایا کہ وزیرِ اعظم مودی نے اس سے پہلے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور جاپان کے سابق وزیرِ اعظم مرحوم شنزو آبے کی میزبانی کی تھی، لیکن یہ پہلی بار ہے جب کاشی میں کسی سربراہِ مملکت کے ساتھ باضابطہ گفتگو ہو رہی ہے۔
ماریشس کے وزیرِ اعظم کے استقبال میں وارانسی شہر کو بڑے بڑے ہورڈنگز اور بینروں سے سجایا گیا ہے۔ بی جے پی نے وارانسی سمیت ریاست کے مختلف حصوں میں بھی بینر لگائے ہیں جن میں دودھ اور ڈیری مصنوعات پر جی ایس ٹی میں کمی کے لیے وزیرِ اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
وارانسی میں بی جے پی رہنما اور قانون ساز کونسل کے رکن سبھاش یدو ونش کی تصویر والے ایک ہورڈنگ پر لکھا تھا کہ دودھ کی مصنوعات پر جی ایس ٹی کم کرنے کے لیے یدو ونش برادری کی جانب سے مودی جی کا شکریہ۔
پولیس کے مطابق، اس تاریخی شہر میں آج کے حالات کو دیکھتے ہوئے تین سطحی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ شہر اس سے پہلے بھی جی-20 اجلاسوں اور جاپان کے سابق وزیرِ اعظم مرحوم شنزو آبے، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون جیسے معزز مہمانوں کی میزبانی کر چکا ہے۔
بی جے پی کی شہری یونٹ کے صدر پردیپ اگرا ہری نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے حال ہی میں جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی کی ہے اور پارٹی کارکنان اور کاشی کی عوام ان کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ اور پروگرام کے مقام کے درمیان چھ مقامات کو نشان زد کیا گیا ہے جہاں بی جے پی کارکنان اور رہنما وزیرِ اعظم مودی کا خیرمقدم کریں گے۔
پارٹی عہدیداران نے بتایا کہ یہ وزیرِ اعظم مودی کا 2014 کے بعد وارانسی کا 52واں دورہ ہے۔ مودی 2014 میں پہلی بار وارانسی سے لوک سبھا کے رکنِ پارلیمان منتخب ہوئے تھے۔