یوپی میں 59 ہزار کروڑ کا ضمنی بجٹ پیش

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-08-2026
یوپی میں 59 ہزار کروڑ کا ضمنی بجٹ پیش
یوپی میں 59 ہزار کروڑ کا ضمنی بجٹ پیش

 



لکھنؤ: اتر پردیش حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے 59,019.54 کروڑ روپے کا ضمنی بجٹ منگل کو اسمبلی میں پیش کیا۔ یہ بجٹ اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان پیش کیا گیا۔ مالیاتی وزیر سریش کمار کھنہ نے مانسون اجلاس کے دوسرے دن وقفۂ سوالات کے دوران ضمنی بجٹ ایوان میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا مجموعی حجم 59,019.54 کروڑ روپے ہے، جس میں 17,399.50 کروڑ روپے محصولات (ریونیو) کے اخراجات اور 41,620.04 کروڑ روپے سرمایہ جاتی (کیپٹل) اخراجات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی تجاویز کے تحت 7,854.25 کروڑ روپے کی اضافی گرانٹس بھی شامل کی گئی ہیں۔ بجٹ میں سب سے زیادہ 22,107.88 کروڑ روپے بھاری اور متوسط صنعتوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ دیہی ترقی کے محکمہ کے لیے 17,942.73 کروڑ روپے، توانائی کے شعبے کے لیے 7,422.27 کروڑ روپے، طبی صحت و خاندانی بہبود کے لیے 2,025 کروڑ روپے، سماجی بہبود کے لیے 1,655 کروڑ روپے، محکمہ خواتین و اطفال کی بہبود کے لیے 1,094.40 کروڑ روپے اور محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے لیے 700.01 کروڑ روپے کی تجویز رکھی گئی ہے۔

یہ مالی سال 2026-27 کا پہلا ضمنی بجٹ ہے، جو ایودھیا مندر میں مبینہ چندہ چوری، پیپر لیک اور دیگر معاملات پر بحث کرانے کے مطالبے کو لے کر اپوزیشن کے شدید ہنگامے کے دوران پیش کیا گیا۔ اتر پردیش اسمبلی کا مانسون اجلاس 4 اگست سے شروع ہوا ہے اور 6 اگست تک جاری رہے گا۔