کانپور: اتر پردیش پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے جیل میں بند وکیل اکھلیش دوبے کے مبینہ قریبی ساتھی اور معطل پولیس انسپکٹر سبھاجیت مشرا کو تقریباً 300 کروڑ روپے مالیت کی وقف جائیداد پر غیر قانونی قبضے میں اہم کردار ادا کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔ مشرا کو آٹھ گھنٹے کی طویل تفتیش کے بعد حراست میں لیا گیا۔ انہیں جمعہ کو ایس آئی ٹی نے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ پولیس محکمے کے ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ گرفتاری کی خبر سنتے ہی مشرا رونے لگے اور دعویٰ کیا کہ وہ ’’صرف اپنے افسران بالا کے احکامات پر عمل کر رہے تھے‘‘۔
مشرا نے پوچھ گچھ کے دوران ایک سینئر آئی پی ایس افسر کی شمولیت کا اشارہ دیا اور دعویٰ کیا کہ ضوابط کو ’’دوبے کے اشارے پر توڑا مروڑا گیا‘‘۔ تاہم ایس آئی ٹی نے کسی بھی آئی پی ایس افسر کے کردار کی تصدیق نہیں کی ہے۔ یہ معاملہ 13 اگست کو نواب ابراہیم کے 80 سالہ جانشین معین الدین آصف جاہ شیخ کی جانب سے گوالٹولی پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی شکایت سے شروع ہوا تھا۔
شکایت میں الزام لگایا گیا تھا کہ دوبے، ان کے رشتہ داروں اور ساتھیوں کے علاوہ اس وقت کے تھانہ انچارج (جاجمؤ) سبھاجیت مشرا نے دھوکہ دہی سے وقف کی ایک جائیداد ہتھیا لی تھی، جو اصل میں 1911 میں لیز پر دی گئی تھی۔
شکایت میں کہا گیا تھا کہ 99 سالہ لیز 2010 میں ختم ہو گئی، جس کے بعد کرایہ داروں کے ساتھ تنازعہ شروع ہوا۔ تحقیق کاروں کو جعلی دستاویزات، ’’پاور آف اٹارنی‘‘ کے غلط استعمال اور کرایہ داروں کو احاطہ خالی کرنے پر مجبور کرنے کے ثبوت ملے۔ پولیس افسران نے بتایا کہ مشرا کا تعاون دوبے کے نیٹ ورک کو زمین پر کنٹرول مضبوط کرنے میں نہایت اہم تھا۔
گوالٹولی تھانے کے انچارج سنتوش گوڑ نے صحافیوں کو بتایا کہ دوبے، ان کے بھائی سرویش دوبے، بھتیجی سومیّا، ساتھی شِوانش عرف پپو، جے پرکاش دوبے، راج کمار شکلا اور انسپکٹر سبھاجیت مشرا کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا، ’’جعلی شناختی کارڈ بنائے گئے، جھوٹے حلف نامے داخل کیے گئے اور یہاں تک کہ ایک مردہ شخص کے نام کا استعمال کر کے ’پاور آف اٹارنی‘ جاری کی گئی۔‘‘ ایس آئی ٹی اب دوبے کے مافیا نیٹ ورک اور پولیس کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کی جانچ کر رہی ہے۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ گرفتار انسپکٹر کو ہفتہ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔