یوپی پنچایت انتخابات:بیلیٹ پیپر سے ووٹنگ کا مطالبہ،ہائی کورٹ میں درخواست

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-12-2025
یوپی پنچایت انتخابات:بیلیٹ پیپر سے ووٹنگ کا مطالبہ،ہائی کورٹ میں درخواست
یوپی پنچایت انتخابات:بیلیٹ پیپر سے ووٹنگ کا مطالبہ،ہائی کورٹ میں درخواست

 



پریاگ راج: اتر پردیش میں ہونے والے تین سطحی پنچایت انتخابات سے قبل ایک اہم مسئلہ سامنے آیا ہے۔ ووٹر سہولت اور شفافیت بڑھانے کے لیے ہائی کورٹ میں ایک عوامی مفاد کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ اس درخواست میں دو بڑی مانگیں رکھی گئی ہیں: پنچایت انتخابات میں NOTA (نوٹا) کا آپشن نافذ کیا جائے، اور بیلٹ پیپر پر انتخابی نشان کے ساتھ امیدوار کا نام بھی لازمی طور پر چھاپا جائے۔

درخواست گزار نے دیہی ووٹروں کو درپیش مشکلات کو بنیاد بناتے ہوئے یہ پی آئی ایل دائر کی ہے۔ مجسٹریٹ کورٹ کے پیشکار نریش کمار موریہ نے وکلا دیوی پرساد تریپاٹھی اور دیوی شنکر پانڈے کے ذریعے یہ عوامی مفاد کی درخواست ہائی کورٹ میں پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں کے ووٹر صرف انتخابی نشان دیکھ کر امیدوار چنتے ہیں، جس سے اکثر صحیح امیدوار کا انتخاب مشکل ہو جاتا ہے۔

درخواست میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ بیلٹ پیپر پر صرف انتخابی نشان ہوتا ہے، نام نہیں، جس کی وجہ سے ووٹر کو سمجھ ہی نہیں آتا کہ وہ کس کے حق میں ووٹ دے رہا ہے۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں NOTA کا آپشن موجود ہے، لیکن پنچایت انتخابات میں یہ سہولت نہیں دی جاتی۔ دیہی ووٹروں کو بھی یہ حق ملنا چاہیے کہ وہ تمام امیدواروں کو مسترد کر سکیں۔ چونکہ پنچایت انتخابات بیلٹ پیپر سے ہی کرائے جاتے ہیں، اس لیے نوٹا شامل کرنے میں کوئی تکنیکی رکاوٹ بھی نہیں ہے۔

اس معاملے کی سماعت آج لکھنؤ بنچ میں ہوگی۔ معاملہ جسٹس راجن رائے اور جسٹس اندرجیت شکلہ کی ڈویژن بینچ کے سامنے درج ہے۔ جبکہ تفصیلی سماعت چیف جسٹس دیواکر پرساد سنگھ اور جسٹس برجیش سنگھ کی بنچ کرے گی۔ الیکشن کمیشن نے درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ تین سطحی پنچایت انتخابات کے لیے تقریباً 60 کروڑ بیلٹ پیپر کی ضرورت پڑے گی۔

کمیشن کا دعویٰ ہے کہ بیلٹ پیپر پہلے ہی چھاپے جا چکے ہیں، اس صورت میں دوبارہ بیلٹ پیپر چھپوانا ممکن نہیں اور اس سے انتخابات وقت پر کرانا بھی مشکل ہو جائے گا۔ تاہم درخواست گزار نے کمیشن کے اس دعوے کو غلط بتایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام بیلٹ پیپر ابھی چھپے ہی نہیں ہیں۔ تحصیل سطح پر تقریباً 12.5 کروڑ بیلٹ پیپر کی ضرورت ہوتی ہے اور تینوں مراحل ملا کر تقریباً 55–60 کروڑ بیلٹ پیپر چھپنے ہیں۔

درخواست گزاروں کا استدلال ہے کہ دیہی ووٹروں میں پڑھنے لکھنے کی کمی کے باعث صرف انتخابی نشان سے امیدوار کی پہچان مشکل ہوتی ہے۔ اگر نام کے ساتھ نشان بھی چھپا ہو تو ووٹر آسانی سے فیصلہ کر سکیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ شفاف انتخابی عمل کے لیے امیدوار کا نام شامل کرنا اور NOTA کی سہولت دینا انتہائی ضروری ہے۔