بلیا: اتر پردیش کے ضلع بلیا میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے خلاف سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض تبصرہ کرنے اور ذات پات سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو یہ معلومات دی۔
پولیس کے مطابق، منٹو سنگھ سینگر نامی شخص نے 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی کے موقع پر ڈاکٹر امبیڈکر کے خلاف ذات پات سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کیے اور گاؤں کے دلت سماج کے لوگوں کو بھی گالیاں دیں، جس کی ویڈیو ‘فیس بک’ پر شیئر کی گئی۔
پولیس کے مطابق، ڈیہری گاؤں کے رہنے والے رام کنور، انوج کمار، پرکاش چند اور ارون کمار کی شکایت پر بدھ کے روز سینگر کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا اور درج فہرست ذات و قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ رسڑا علاقے کے پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آلوک گپتا نے بتایا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔