یوپی:اسمبلی میں الزام لگانے سے پہلے اراکین حلف نامہ دیں: اسپیکر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-12-2025
یوپی:اسمبلی میں الزام لگانے سے پہلے اراکین حلف نامہ دیں: اسپیکر
یوپی:اسمبلی میں الزام لگانے سے پہلے اراکین حلف نامہ دیں: اسپیکر

 



لکھنؤ: اتر پردیش اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے تیسرے دن منگل کو اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا نے حزبِ اختلاف اور حکمراں جماعت کے اراکین سے کہا کہ کسی پر الزام لگانے سے پہلے ان کے سامنے حلف نامہ جمع کرایا جائے۔ سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ایک رکن نے چینی مانجھے (پتنگ کی ڈور) سے ہونے والے حادثات سے متعلق سوال کے تحریری جواب پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے حکومت پر غلط معلومات دینے کا الزام عائد کیا۔

سوالات کے وقفے کے ختم ہو جانے کے باعث ضمنی سوال پوچھنے کا موقع نہ ملنے پر ایس پی کے سینئر رکن رویداس مہروترا نے کہا کہ حکومت نے ان کے سوال کا درست جواب نہیں دیا۔ ان کے اس الزام پر اعتراض کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر سریش کمار کھنّا نے کہا کہ حکومت نے صحیح جواب دیا ہے۔

اسی دوران ایوان میں قائدِ حزبِ اختلاف ماتا پرساد پانڈے نے مداخلت کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ایک روایت بنتی جا رہی ہے کہ جب وزراء جواب دیتے ہیں تو براہِ راست جواب دینے کے بجائے پچھلی حکومتوں پر الزام عائد کرتے ہیں۔ قاعدہ یہ ہے کہ کسی پر الزام لگانے کے لیے ثبوت ہونا چاہیے۔ اس روایت کو بند کرایا جائے، ورنہ ہم اسی وقت احتجاج کریں گے۔

پانڈے نے بنیادی تعلیم کے وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) سندیپ سنگھ کی جانب سے تعلیم سے متعلق ایک سوال پر دیے گئے جواب پر اعتراض کیا تھا۔ کھنّا نے کہا کہ وزیر نے کسی جماعت کا نام نہیں لیا بلکہ صرف پچھلی حکومتوں کا ذکر کیا ہے۔

اس بحث کے دوران ایوان کی کارروائی چلاتے ہوئے اسپیکر ستیش مہانا نے کہا، ’’میں تمام اراکین سے کہوں گا کہ الزام لگانے سے پہلے حلف نامہ میرے ٹیبل پر جمع کرائیں۔ یہ ایوان کے تمام 403 اراکین پر لاگو ہوگا۔ یہ سوال پوچھنے والوں اور حکومت دونوں پر لاگو ہوگا۔ کوئی بھی رکن اگر سوال پوچھے تو اسے ثبوت کے ساتھ تصدیق کرنی چاہیے، تبھی سوال پوچھا جانا چاہیے۔ قائدِ حزبِ اختلاف پانڈے نے اس پر اعتراض کیا تو مہانا نے کہا، ’اب آپ اپنے موقف سے پلٹ گئے ہیں۔