یوپی:کانوڑ یاترا کے راستے پر لازمی کیو آر کوڈ ،سپریم کورٹ میں معاملہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2025
یوپی:کانوڑ یاترا کے راستے پر لازمی کیو آر کوڈ ،سپریم کورٹ میں معاملہ
یوپی:کانوڑ یاترا کے راستے پر لازمی کیو آر کوڈ ،سپریم کورٹ میں معاملہ

 



نئی دہلی: اتر پردیش حکومت کے کانوڑ یاترا کے راستے پر واقع تمام ہوٹلوں اور کھانوں کے اسٹالز پر کیو آر کوڈ لازمی طور پر آویزاں کرنے کے حکم کو چیلنج کرنے والی درخواست پر سپریم کورٹ 15 جولائی کو سماعت کرے گا۔ اتر پردیش حکومت کے اس حکم کا مقصد ان ہوٹلوں کے مالکان کے نام اور ان کی شناخت کو ظاہر کرنا ہے۔

جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ کی بنچ، ماہر تعلیم اپوروانند جھا اور دیگر کی طرف سے دائر کی گئی عوامی مفاد کی درخواست (PIL) پر سماعت کرے گی۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ سال بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیرِ حکومت اتر پردیش، اتراکھنڈ اور مدھیہ پردیش کی طرف سے جاری اسی طرح کے احکامات پر روک لگا دی تھی، جس میں کانوڑ یاترا کے راستے پر واقع ہوٹلوں کو یہ حکم دیا گیا تھا کہ وہ اپنے مالکان، ملازمین اور دیگر تفصیلات کے نام ظاہر کریں۔

جھا نے اتر پردیش حکومت کی 25 جون کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،نئے اقدامات کے تحت کانوڑ یاترا کے راستے پر واقع تمام ہوٹلوں اور کھانے پینے کی جگہوں کے لیے کیو آر کوڈ آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ مالکان کے نام اور شناخت معلوم کی جا سکے، لیکن عدالت اس طرح کی امتیازی پالیسی پر پہلے ہی روک لگا چکی ہے۔

درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ اتر پردیش حکومت کا یہ حکم دکان، ڈھابہ اور ریسٹورنٹ مالکان کی رازداری کے حق (Right to Privacy) کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق اسٹال مالکان کو قانونی لائسنس کی ضروریات" کے تحت اپنی مذہبی اور ذات پات کی شناخت بھی بتانے کو کہا گیا ہے۔

ہندو کیلنڈر کے شراون مہینے میں، بڑی تعداد میں عقیدت مند گنگا جل لے کر مختلف مقامات سے کانوڑ اٹھا کر شیو بھگوان کا جل ابھیشیک کرنے کے لیے آتے ہیں۔ اس مہینے میں بہت سے عقیدت مند گوشت سے پرہیز کرتے ہیں اور کچھ لوگ پیاز اور لہسن سے تیار کیا گیا کھانا بھی نہیں کھاتے۔