بلند شہر / آواز دی وائس
بلند شہر ضلع میں یاتریوں کو لے جا رہی ایک ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک کی ٹکر میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر نو ہو گئی ہے، جبکہ 42 دیگر زخمی ہیں۔ یہ معلومات پولیس کے ایک سینئر افسر نے دی۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کی ہدایت دی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) دینیش کمار سنگھ نے بتایا کہ یہ حادثہ اتوار کی رات تقریباً دو بجے کے بعد بلند شہر-علی گڑھ سرحد پر ارنیا بائی پاس کے قریب پیش آیا، جب ایک ٹرک نے ٹریکٹر-ٹرالی کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے باعث ٹرالی پلٹ گئی۔ انہوں نے بتایا كہ ٹریکٹر-ٹرالی میں 61 لوگ سوار تھے، جو ضلع کاس گنج کے گاؤں رفعت پور سے راجستھان کے زاہر پیر میں یاترا کے لیے جا رہے تھے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ زخمیوں کو ایک نجی اسپتال سمیت کئی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس حادثے میں آٹھ لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 43 دیگر مختلف اسپتالوں میں داخل کیے گئے۔ ان میں سے تین کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، 10 مسافر معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے 10 کو علی گڑھ میڈیکل کالج، 10 کو بلند شہر ڈسٹرکٹ اسپتال اور 23 کو خُرجہ کے کیلاش اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
بعد میں ایک زخمی نے علاج کے دوران دم توڑ دیا، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد نو ہو گئی۔
ہلاک شدگان کی شناخت یوں ہوئی ہے
ٹریکٹر ڈرائیور ای یو بابو (40)
رام بَیتی (65)
چاندنی (12)
غنی رام (40)
موکشی (40)
شِواَنش (6)
یوگیش (50)
وِنوَد (45)
لکھ راج (40)
پولیس نے بتایا کہ دوپہر تک 18 زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ دیگر کا علاج جاری ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش میں مسافروں کو لانے لے جانے کے لیے ٹریکٹر-ٹرالی کے استعمال پر باضابطہ پابندی ہے۔
فروری 2024 میں بھی کاس گنج ضلع میں یاتریوں کو لے جا رہی ایک ٹریکٹر-ٹرالی تالاب میں الٹ گئی تھی، جس میں 23 یاتریوں کی موت ہو گئی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 12 کی عمر 18 سال سے کم ہے۔ تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ شرُتی نے ایس ایس پی دینیش کمار سنگھ اور دیگر افسران کے ساتھ جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور بعد میں اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی خبرگیری کی۔ پولیس نے بتایا کہ ہریانہ میں رجسٹرڈ ٹرک کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع بلند شہر میں سڑک حادثے میں ہوئی جانوں کے نقصان پر گہرا رنج ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ہلاک شدگان کے غمزدہ لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
پوسٹ میں کہا گیا كہ وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو فوراً اسپتال پہنچا کر ان کا مکمل علاج کرایا جائے۔ ساتھ ہی، زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کے احکامات دیے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام زخمیوں کے علاج کا خرچ اتر پردیش حکومت برداشت کرے گ