پریاگراج: الہ آباد ہائی کورٹ نے قومی انسانی حقوق کمیشن (NHRC) کی جانب سے مدارس کی جانچ کے احکامات پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے نہ صرف سخت ریمارکس دیے ہیں بلکہ اتر پردیش کے 588 امداد یافتہ مدارس کی اکنامک آفنسز ونگ (EOW) سے کرائی جا رہی تحقیقات پر عبوری روک بھی لگا دی ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے انسانی حقوق کمیشن سے اس معاملے میں جواب بھی طلب کیا ہے۔
ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے سماعت کے دوران انسانی حقوق کمیشن کی کارکردگی، ترجیحات اور اس کے دائرہ اختیار پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھائے۔ عدالت نے اپنے تحریری حکم میں سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب مسلم کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ موب لنچنگ جیسے واقعات پیش آتے ہیں تو کمیشن اکثر خاموش رہتا ہے، جبکہ اب وہ اپنے دائرہ اختیار سے باہر جا کر مدارس کی جانچ کے احکامات دے رہا ہے۔
یہ حکم جسٹس اتل شری دھرن اور جسٹس وویک سرن کی ڈویژن بنچ نے مدرسہ ٹیچرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیا ہے۔ تاہم اس معاملے میں دونوں ججوں نے الگ الگ فیصلے جاری کیے ہیں۔ NHRC پر تبصرہ جسٹس اتل شری دھرن نے اپنے علیحدہ حکم میں کیا ہے، جبکہ جسٹس وویک سرن نے الگ حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ جسٹس شری دھرن کے پیراگراف 6 اور 7 میں کی گئی ریمارکس سے متفق نہیں ہیں اور خود کو ان سے الگ کرتے ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ بنچ کے اندر اختلاف رائے کی وجہ سے یہ معاملہ بڑی بنچ کو بھیجا جا سکتا ہے۔
درحقیقت یہ معاملہ اس حکم سے متعلق ہے جس میں انسانی حقوق کمیشن نے فروری میں ایک شکایت کی بنیاد پر اتر پردیش کے 588 مدارس میں مبینہ بے ضابطگیوں کی جانچ EOW سے کرانے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے بعد ریاستی حکومت نے اس حکم پر عمل کرتے ہوئے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا تھا۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں نے دلیل دی کہ انسانی حقوق کمیشن کو اس طرح کی مالی یا فوجداری تحقیقات کے احکامات دینے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے۔ اس پر ہائی کورٹ نے ابتدائی طور پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کا یہ حکم قانون کے مطابق نہیں لگتا اور اس کے دائرہ اختیار سے باہر معلوم ہوتا ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ مدارس کا معاملہ انسانی حقوق کے دائرے میں نہیں آتا۔
عدالت نے واضح کیا کہ انسانی حقوق کمیشن کا دائرہ “انسانی حقوق تحفظ ایکٹ، 1993” کے تحت صرف زندگی، آزادی، مساوات اور وقار سے متعلق معاملات تک محدود ہے۔ ایسے میں کسی براہ راست انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے بغیر کسی ادارے کی جانچ کا حکم دینا مناسب نہیں ہے۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ ایسے معاملات کو عوامی مفاد کی عرضی (PIL) کے ذریعے براہ راست ہائی کورٹ میں لایا جا سکتا تھا، جہاں عدالتی جانچ کے بعد مناسب احکامات جاری کیے جاتے۔ اس کے بجائے کمیشن کی جانب سے براہ راست انتظامیہ کو تحقیقات کے احکامات دینا عدالتی نظام کے خلاف ہے۔
ہائی کورٹ نے معاملے کو سنجیدہ مانتے ہوئے فی الحال تحقیقات پر روک لگا دی ہے اور انسانی حقوق کمیشن کو نوٹس جاری کر کے جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 11 مئی کو مقرر کی گئی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کیس کا فیصلہ مستقبل میں انسانی حقوق کمیشن کے اختیارات اور تعلیمی اداروں میں انتظامی مداخلت کی حدود کے حوالے سے ایک اہم مثال ثابت ہو سکتا ہے۔