سنبھل: اتر پردیش کے ضلع سنبل میں انتظامیہ نے جمعرات کو بچھولی گاؤں میں سرکاری زمین پر مبینہ طور پر بنائے گئے امام باڑے اور عیدگاہ کو منہدم کر دیا۔ ایک سینئر افسر نے یہ معلومات دی۔ سنبل کی سب ڈویژنل مجسٹریٹ ندھی پٹیل نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمۂ ریونیو کی جانب سے چلائی گئی اس انسدادِ تجاوزات مہم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ گاتا نمبر 1240 اور 1242 میں زمین کے دو ٹکڑوں پر غیر قانونی طور پر امام باڑا اور عیدگاہ تعمیر کی گئی تھی، جس کی شکایت پر تحصیلدار کی عدالت نے سماعت کرتے ہوئے بے دخلی کے احکامات جاری کیے تھے۔
پٹیل نے کہا، “ریونیو اور پولیس ٹیموں نے تحصیلدار عدالت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کی کارروائی انجام دی۔” افسران کے مطابق یہ مہم سخت سکیورٹی کے درمیان چلائی گئی اور اس دوران صورتحال قابو میں رہی۔
سنبل گزشتہ چند مہینوں سے مبینہ تجاوزات، زمین کے استعمال اور مذہبی ڈھانچوں سے متعلق تنازعات پر انتظامی کارروائی کے سبب خبروں میں رہا ہے۔ کوٹ گروی علاقے میں شاہی جامع مسجد کے عدالتی احکامات پر نومبر 2024 میں کیے گئے سروے کے دوران پیش آنے والے تشدد کے واقعے کے بعد سے حکام نے پورے ضلع میں نفاذی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔