میرٹھ (اترپردیش) (پی ٹی آئی)اکھل بھارتیہ ہندو سرکشا سنگٹھن کے ارکان نے جمعہ کے روز میرٹھ میں احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فلم ’ادے پور فائلز‘ کو ریلیز کیا جائے، جسے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے بعد روک دیا گیا تھا۔تنظیم کے قومی صدر سچن سیروہی نے بتایا کہ فلم کا پہلا شو مقامی مال میں شام 5 بجے رکھا گیا تھا، جس کے لیے ان کی تنظیم نے 17 ٹکٹیں بک کرائی تھیں۔انہوں نے کہا، ’’فلم کی نمائش سے ٹھیک پہلے ہمیں مطلع کیا گیا کہ دہلی ہائی کورٹ نے فلم کی ریلیز پر روک لگا دی ہے، اور اب مرکزی حکومت طے کرے گی کہ اسے دکھایا جا سکتا ہے یا نہیں۔‘‘
سچن سیروہی کا کہنا تھا، ’’یہ فلم صرف ایک فلم نہیں بلکہ حقیقت ہے، اور 110 کروڑ ہندوؤں کو یہ حقیقت جاننی چاہیے۔ یہ فلم کنہیا لال قتل کیس کی سچائی کو سامنے لاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مطالبہ مال کے مرکزی دفتر تک بھی پہنچایا گیا ہے اور انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ فلم کو ٹیکس فری قرار دیا جائے۔اس سے قبل جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ نے فلم ’ادے پور فائلز‘ کی 11 جولائی کو طے شدہ ریلیز کو روک دیا تھا، جب تک کہ مرکزی حکومت اس کے خلاف دائر مستقل پابندی کی درخواستوں پر فیصلہ نہ کر لے۔ یہ درخواستیں اس بنیاد پر دی گئی تھیں کہ فلم سماجی ہم آہنگی کو متاثر کر سکتی ہے۔
چیف جسٹس ڈی کے اُپادھیائے اور جسٹس انیش دیال پر مشتمل بنچ نے درخواست گزاروں کو دو دن کے اندر وزارتِ اطلاعات و نشریات سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔یہ فلم راجستھان کے شہر ادے پور میں جون 2022 میں پیش آنے والے درزی کنہیا لال قتل کیس پر مبنی ہے۔کنہیا لال کو مبینہ طور پر محمد ریاض اور محمد غوث نے قتل کیا تھا، جس کے بعد حملہ آوروں نے ایک ویڈیو جاری کیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ قتل بی جے پی کی سابق رہنما نپور شرما کی پیغمبر اسلام سے متعلق متنازعہ بیان کی حمایت میں کنہیا لال کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹ کے ردعمل میں کیا گیا۔
اس معاملے کی تحقیقات نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے کی، اور ملزمان کے خلاف انسداد غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ (UAPA) اور بھارتی تعزیراتِ ہند (IPC) کے تحت دفعات لگائی گئیں۔
مقدمے کی سماعت اس وقت جے پور کی اسپیشل این آئی اے کورٹ میں زیر التوا ہے۔