نئی دہلی
اتر پردیش حکومت کی جانب سے مختلف عدالتوں میں ریاستی حکومت کی نمائندگی کرنے والے سرکاری وکلا کی ریٹینرشپ اور بحثی فیس میں اضافے کے فیصلے کا وکلا برادری نے خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ریاست کے مہا وکیل اجے مشرا اور ان کی پوری ٹیم نے اس فیصلے کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا ہے۔
جاری کردہ بیان میں وکلا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے عدالتوں میں ریاستی مفادات کی مؤثر نمائندگی کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس معاملے میں پہل کی، اور اب ریاستی کابینہ نے ریٹینرشپ اور بحثی فیس میں تاریخی اضافہ کر کے وکلا برادری کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق یہ فیصلہ صرف فیس میں اضافے تک محدود نہیں، بلکہ عدالتی نظام کو زیادہ مؤثر، جوابدہ اور نتیجہ خیز بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ اس سے عدالتوں میں ریاستی حکومت کے مقدمات کی معیاری اور بروقت پیروی کو مزید تقویت ملے گی۔
مہا وکیل اجے مشرا نے کہا کہ اس فیصلے کا فائدہ مختلف زمروں کے پینل وکلا تک وسیع پیمانے پر پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عدالتی منظرنامے، مقدمات کی بڑھتی تعداد، پیچیدہ قانونی معاملات اور وکلا کی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں کے پیش نظر معاوضے کے ڈھانچے پر نظرثانی کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خاص طور پر ضلعی عدالتوں کے وکلا کی فیس میں تقریباً 10 سال بعد اور مہا وکیل کی سطح پر تقریباً 14 سال بعد ترمیم کیا جانا ریاستی حکومت کی حساسیت، دوراندیشی اور وکلا برادری کے مسائل کے تئیں سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔