یوپی:مذہب تبدیل کرانے کے الزام میں مدرسہ کے مولوی سمیت 4گرفتار

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-08-2025
یوپی:مذہب تبدیل کرانے کے الزام میں مدرسہ کے مولوی سمیت 4گرفتار
یوپی:مذہب تبدیل کرانے کے الزام میں مدرسہ کے مولوی سمیت 4گرفتار

 



بریلی/ اآواز دی وائس
بریلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مذہب تبدیلی کے ایک بڑے گڑھ کو بے نقاب کیا ہے جو مبینہ طور پر مسلم لڑکیوں کے ذریعے ہندوؤں کا مذہب تبدیل کراتا تھا۔ اس گروہ میں شامل ایک مولوی سمیت چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ گروہ پیسوں کا لالچ دے کر نکاح کراتا اور پھر مذہب کی تبدیلی کراتا تھا۔ پولیس نے ایک مدرسے میں یرغمال بنائے گئے ایک نوجوان کو بھی آزاد کرانے کا دعویٰ کیا ہے جس کا مذہب تبدیل کر کے نکاح کرانے کی تیاری کی جا رہی تھی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (ساؤتھ) انشیکا ورما نے بتایا کہ پولیس نے نوجوان کو بحفاظت آزاد کرا کر اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا ہے۔ گرفتار افراد کی شناخت فیض نگر واقع مدرسے کے مولوی عبدالمجید (35)، سلمان (30)، محمد عارف اور فہیم کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف اتر پردیش غیر قانونی مذہب تبدیلی انسداد ایکٹ 2021 اور بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس گروہ کا نیٹ ورک 13 صوبوں کے 30 اضلاع تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ گروہ مالی طور پر کمزور، غیر شادی شدہ نوجوانوں اور معذور افراد سمیت کمزور طبقے کے لوگوں کی شناخت کرتا تھا اور انہیں لالچ دے کر مذہب تبدیل کراتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پیشے سے درزی سلمان، مدد کی پیشکش کرنے یا مسلم لڑکیوں سے تعارف کرانے کے بہانے ہندو خاندانوں سے رابطہ کرتا تھا۔ وہیں، پیشے سے نائی فہیم اس کام میں سلمان کی مدد کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ایک بار متاثر ہونے کے بعد شخص کو مدرسے لایا جاتا جہاں اسے بہکایا جاتا اور مذہب تبدیلی کے لیے مذہبی لٹریچر اور سی ڈیز وغیرہ دی جاتی تھیں۔ پولیس نے مدرسے سے بڑی مقدار میں مذہبی مواد اور مذہب تبدیلی کے سرٹیفکیٹ برآمد کیے ہیں۔
یہ آپریشن علی گڑھ کی رہائشی اکھیلیش کماری کی شکایت کے بعد شروع کیا گیا۔ اکھیلیش نے شکایت میں کہا کہ اس کے نابینا بیٹے پر بھات اُپادھیائے کو ایک مسلم لڑکی سے شادی کا لالچ دے کر عبدالمجید نے بہکایا۔ شکایت کے مطابق، اسے مبینہ طور پر مدرسے میں یرغمال بنا کر اس کا مذہب تبدیل کیا گیا، اس کا نام بدل کر ’’حامد‘‘ رکھا گیا اور جب اس نے ماں کی شکایت کی بات کہی تو اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔
اکھیلیش کماری کی شکایت پر پولیس نے مدرسے پر چھاپہ مارا اور پر بھات کو یرغمال کی حالت میں پایا۔ تفتیش میں پتہ چلا کہ گرفتار افراد اجتماعی طور پر 21 بینک کھاتوں کو چلا رہے تھے جن میں بڑی مقدار میں لین دین ہوا ہے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ 2014 سے سرگرم اس گروہ نے کئی دیگر افراد کا مذہب تبدیل کرایا ہوگا۔ اس گروہ کے ذریعے مذہب تبدیل کرنے والے چھ افراد کی شناخت پہلے ہی ہو چکی ہے اور ان کے مذہب تبدیلی کے سرٹیفکیٹ بھی برآمد ہوئے ہیں۔