مراد آباد: اتر پردیش حکومت کے سرکاری طیارے میں پیر کے روز تکنیکی خرابی آنے کے باعث مرادآباد ایئرپورٹ پر کچھ دیر کے لیے افراتفری مچ گئی۔ معلومات کے مطابق، طیارہ رن وے پر تھا کہ اچانک اس کا ایک انجن کام کرنا بند کر گیا اور اس میں سے دھواں نکلنے لگا۔
اس وقت ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک طیارے میں موجود تھے۔ واقعے کے فوراً بعد ایئرپورٹ انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے حرکت میں آ گئے۔ احتیاطی طور پر طیارے کو رن وے پر ہی روک دیا گیا اور نائب وزیر اعلیٰ کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا۔ تکنیکی ٹیم نے طیارے کی جانچ شروع کر دی ہے اور خرابی کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر سکیورٹی اور چوکسی مزید بڑھا دی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور تمام مسافر و اہلکار محفوظ ہیں۔ 9 مارچ کو بھی تکنیکی خرابی پیش آئی تھی، اُس وقت دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سوار تھے اماؤسی واقع چودھری چرن سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ریاست کے دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کی پرواز میں تکنیکی خرابی آ گئی تھی جس کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
کولکاتا جانے والی پرواز ٹیک آف سے پہلے تکنیکی خرابی کے باعث ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔ تکنیکی خرابی کے باعث پرواز کو ایپرن تک واپس لایا گیا۔ بعد ازاں جب انجینئرز نے خرابی دور کی تو پرواز روانہ ہوئی۔ اس پرواز میں نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک دونوں سوار تھے۔
اطلاعات کے مطابق، خرابی کے باعث طیارے کو رن وے سے پہلے ہی روک دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے مسافر تقریباً ایک گھنٹے تک طیارے میں ہی محصور رہے۔ انڈیگو کی پرواز 6 ای-505 صبح 7 بج کر 40 منٹ پر لکھنؤ سے کولکاتا کے لیے روانہ ہوتی ہے۔